امریکہ کی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی فلپائنی نژاد امریکن آر بونی گیبریئل کو ہفتے کی رات مِس یونیورس کا تاج پہنا دیا گیا۔
نیو اورلینز میں ہونے والے 71ویں مِس یونیورس کے مقابلے میں فیشن ڈیزائنر، ماڈل اور سلائی انسٹرکٹر بونی گیبریئل نے رنر اپ مِس وینزویلا امنڈا ڈوڈیمیل کے ساتھ پہلے ہاتھ ملایا اور پھر ان کا نام مِس یونیورس کے فاتح کے طور پر پکارے جانے پر ان کی آنکھیں چمک اٹھیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق بونی گیبریئل کی فتح پر جشن کا میوزک بجایا گیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا جس کے بعد ان کی تاج پوشی کی گئی۔
فائنل میں پہنچنے پر سوال و جواب کے دوران بونی گیبریئل سے پوچھا گیا کہ اگر وہ مِس یونیورس منتخب ہو جاتی ہیں تو وہ اس اعزاز کو کیسے استعمال کریں گی؟
بونی کا جواب میں کہنا تھا کہ وہ اس اعزاز کو ایک تبدیلی کے لیے استعمال کریں گی۔
بونی نے اپنے جواب کے دوران اپنے فیشن ڈیزائنز میں ری سائیکل شدہ مواد کے استعمال اور انسانی اسمگلنگ اور گھریلو تشدد سے بچ جانے والوں کو سلائی سکھانے کے لیے اپنے کام کا حوالہ بھی دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں میں اور اپنی کمیونٹی میں سرمایہ کاری کرنا اور دوسروں سے منفرد رہنے کے لیے اپنے ٹیلنٹ کو استعمال کرنا بہت ضروری ہے۔
بونی کا کہنا تھا کہ ہم سب کے پاس کچھ نہ کچھ منفرد ہوتا ہے اور جب ہم دوسروں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ہم انہیں تبدیل کر دیتے ہیں اور اس تبدیلی کو آگے بڑھنے کے لیے ایک ذریعےکے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
گیبریئل والی بال کی سابق کھلاڑی ہونے کے علاوہ نارتھ ٹیکساس یونیورسٹی سے گریجوایشن مکمل کر چکی ہیں۔
مِس یونیورس کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ پروفائل کے مطابق بونی اپنی سلائی کی کمپنی کی سی ای او ہیں۔
خیال رہے کہ مِس یونیورس کے مقابلے میں لگ بھگ 90 امیدوار مختلف ممالک سے شرکت کرتی ہیں اور مقابلے کے دوران امیدواروں سے ذاتی سوالات کے علاوہ تفصیلی انٹرویوز بھی شامل ہوتے ہیں۔
پچھلے سال کی فاتح بھارت سے تعلق رکھنے والے ہرناز سندھو تھیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے اے پی سے لی گئی ہیں۔