رسائی کے لنکس

پاکستانی میزائل کا ’’کامیاب‘‘ تجربہ


پاکستان نے کہا ہے کہ اُس نے مقامی طور پر تیار کیے گئے ’’کروزمیزائل حتف 7 (بابر)‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 700 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ملٹی ٹیوب لانچر‘‘ سے فائر کیا جانے والا یہ میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ’’اسٹیلتھ‘‘ ٹیکنالوجی کی بدولت ریڈار کی پکڑ میں بھی نہیں آتا۔

’’بابر کروز میزائل ریڈار سے بچتے ہوئے زمین کے ساتھ نیچی پرواز اور تیزی سے راستہ تبدیل کرتے ہوئے ٹھیک اپنے ہدف تک پہنچ سکتا ہے۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کروز میزائل کئی گنا درست اور موثر نتائج فراہم کرنے کا حامل ہے کیونکہ یہ ’’ٹیرین کنٹور میچنگ (ٹی ای آر سی او ایم) اور ڈیجیٹل سائنس میچنگ اینڈ ایریا کوریلیٹنگ (ڈی ایس ایم اے سی)‘‘ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

اس میزائل کو انتہائی جدید کئی پائپوں پر مشتمل میزائل لانچ وہیکل (ایم ایل وی) سے فائر کیا گیا جس سے ہتھیاروں کے اس نظام یا بابر ویپن سسٹم کی ہدف کو نشانہ بنانے، جوہری اور روایتی دونوں طرح کے ہتھیاروں کی تنصیب کے عمل کو تقویت ملتی ہے۔

’’اس تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی سلامتی مزید مستحکم ہوگی۔‘‘

XS
SM
MD
LG