یوسف جمیل
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو اچانک نئی دہلی کے زیر انتظام کشمیر پہنچے اور انہوں نے ہولی کا تہوار حد بندی لائن پر گریز کے علاقے میں بھارتی فوج اور بارڈر سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور سپاہیوں کے ساتھ منایا۔
حد بندی لائن پر ان کا استقبال بّری فوج کے سربراہ جنرل بِپِن راوت نے کیا جو ایک دن پہلے سرینگر پہنچے تھے۔ اس موقع پر بھارتی فوج کی شمالی کمان اور سرینگر نشین چنار کور کے کمانڈر بھی موجود تھے، جنہوں نے وزیر اعظم کو حد بندی لائن کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد خالصتاً بھارتی فوج کے ساتھ دیوالی کا دن گزارنا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ 2014 میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے نریندر مودی ہر سال فوج کے ساتھ دیوالی منا رہے ہیں اور یہ دوسرا موقع تھا کہ انہوں نے بھارتی کنٹرول کے کشمیر میں فوجی اہلکاروں یہ تہوار منایا۔
اس سے پہلے 2014 میں انہوں نے دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن پر تعینات بھارتی فوج کے ساتھ دیوالی کا دن گذارا تھا۔
وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں اگرچہ بھارتی کشمیر کی حکومت اور فوج کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی، لیکن ذرائع ابلاغ کو اس سے بے خبر رکھا گیا تھا–
گریز کا علاقہ سرینگر سے تقریباً 125 کلو میٹر شمال میں سطح سمندر سے دو ہزار چھہ سو میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور اسے گلگت، بلتستان کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔
بھارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے جنگ بندی لائن پر تعینات فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ان کی خدمات کی وجہ سے ہی ایک ارب 25 کروڑ بھارتی عوام اپنے تہوار اطمینان سے مناتے ہیں۔
بعد میں اپنی ایک ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ فورسز کے ساتھ وقت گزارنے سے مجھے طاقت ملتی ہے۔ ہم نے بات چیت کی اور مٹھائیوں کا تبادلہ کیا- مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کی فوجی جوان یوگا بھی کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مہمانوں کی کتاب میں لکھا کہ اپنے عزیز و اقارب سے دور رہ کر وطن عزیز کی حفاظت کرنا اعلیٰ روایات اور قربانی کا عکاس ہے۔ فورسز کا ہر ایک اہلکار بہادری اور اپنے آپ کو وقف کرنے کی ایک علامت ہے۔ دیوالی کے موقع پر سرحدوں پر بہادر فوجیوں کی موجودگی نہ صرف امید کی مشعل روشن کرتی ہے بلکہ تمام بھارتیوں کو توانائی بخشتی ہے۔ نئے بھارت کا خواب پورا کرنے کا ہمارے پاس ایک سنہری موقعہ ہے۔ فوج بھی اس کا ایک حصہ ہے۔ سب کو دیوالی مبارک ہو۔
شام کو بھارتی وزیر اعظم نئی دہلی واپس چلے گئے۔