رسائی کے لنکس

محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

اتوار کو آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2021 کے دوران محمد رضوان کی شان دار کارکردگی، مستقل مزاجی, غیر متزلزل جذبے کے باعث اُنہیں بہترین کرکٹر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

محمد رضوان نے 2021 کے دوران 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 73.66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے تھے جس میں ایک سینچری بھی شامل تھی جب کہ محمد رضوان کا اوسط اسٹرائیک ریٹ 139.89 رہا۔

محمد رضوان نے گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھی کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر اوپننگ شراکت داری میں رنز کے انبار لگائے۔ بھارت کے خلاف اُن کی ناقابلِ شکست اننگز نے پہلی بار پاکستان کو ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف کامیابی دلوائی۔

محمد رضوان نے بھارت کے خلاف میچ میں صرف 55 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

محمد رضوان نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ بھی بیماری کی حالت میں کھیلا اور 52 گیندوں پر 67 رنز بنائے۔

محمد رضوان میچ سے دو روز قبل گلے میں انفیکشن اور نزلے کے باعث اسپتال میں بھی داخل رہے اور ان کی اسپتال کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں۔ تاہم محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

محمد رضوان نے 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران لاہور میں اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سینچری بنائی جس کے بعد اُنہوں نےپورے سال اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔

محمد رضوان وکٹوں کے پیچھے بھی اپنی شان دار کارکردگی کے باعث پاکستان کی فتوحات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہے ہیں اور 2021 کے دوران اُنہوں نے وکٹوں کے پیچھے 24 شکار کیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی محمد رضوان کو سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئر کا ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔

آئی سی سی ایوارڈ جیتنے پر سوشل میڈیا پر بھی محمد رضوان کی تعریف کی جا رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی محمد رضوان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوراڈ جتینے پر مبارک باد دی ہے۔

سری لنکن بیٹر ڈیموتھ کرونا رتنے نے بھی اپنی ٹوئٹ میں محمد رضوان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس ایوارڈ کے حق دار تھے۔

مصور خان بلوچ نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ مستقل مزاجی، جذبے اور دل کو چھو لینے والی اننگز سال 2021 محمد رضوان کے نام ہی رہا۔

XS
SM
MD
LG