رسائی کے لنکس

ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر: پاکستان کے تین کھلاڑی شامل، بھارت اور نیوزی لینڈ کا ایک بھی نہیں


پاکستانی ٹیم سے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو)
پاکستانی ٹیم سے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو)

کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بار تین کھلاڑیوں کی شمولیت کے ساتھ ٹیم کی کپتانی کا اعزاز بھی پاکستان کو ملا ہے۔

آئی سی سی نے 'ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر' میں پاکستان کے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو شامل کیا ہے جب کہ اس ٹیم کی قیادت بھی بابر اعظم کو ہی دی گئی ہے۔

آئی سی سی 'ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر' میں پورا سال اس فارمیٹ میں شان دار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کرتا ہے۔ گزشتہ سال پاکستانی ٹیم نے 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سے ریکارڈ 20 میچز جیتے تھے۔ پاکستانی ٹیم صرف چھ میچز ہاری جب کہ تین میچز بے نتیجہ رہے تھے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے اس فارمیٹ میں کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے تھے۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی آئی سی سی کی فائنل الیون میں جگہ نہیں بنا سکا۔ کیوں کہ گزشتہ سال بھارتی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

گزشتہ سال بھارت کو پہلی بار کسی ورلڈ کپ مقابلے میں پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارتی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک بھی نہیں پہنچ سکی تھی۔

بابر، رضوان اور شاہین کی کارکردگی

2021 کو پاکستان کرکٹ کے لیے حالیہ عرصے میں سب سے کامیاب سال کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

بابر اعظم کی قیادت میں گرین شرٹس نے ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں کئی فتوحات سمیٹیں۔ اسی لیے جب آئی سی سی کی 'ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان کیا گیا تو اس میں تین پاکستانیوں کو جگہ ملی۔

گزشتہ سال محمد رضوان نے کرکٹ کے تینوں ہی فارمیٹس میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ وہ تمام وکٹ کیپر بلے بازوں میں تو سب سے بہتر تھے ہی، سال میں سب سے زیادہ رنز بھی انہوں نے ہی اسکور کیے۔

رضوان نے 29 ٹی 20 میچز میں 73 اعشاریہ 66 کی اوسط سے 1326 رنز اسکور کیے جس میں ایک سنچری بھی شامل تھی۔ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹاپ تین بلے بازوں میں بھی شامل تھے اور بھارت کے خلاف بھی انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

2021 بابر اعظم کے لیے بھی برا نہیں تھا۔ بطورِ کپتان انہوں نے پاکستان کو ہر فارمیٹ میں ہی میچ جتوائے۔

بطور بلے باز وہ محمد رضوان سے تھوڑا سا ہی پیچھے تھے۔ 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 اعشاریہ 56 کی اوسط سے 939 رنز بنا کر انہوں نے پاکستان کی 20 فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی بالنگ کو سال 2021 کا یادگار ترین لمحہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ اکیس سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بالر نے پورا سال پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہین آفریدی نے گزشتہ سال 21 میچز میں 23 وکٹیں اپنے نام کیں۔

جنوبی افریقہ کے تین، عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے دو کھلاڑی فائنل الیون میں منتخب

ویسے تو جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سال کے سب سے بڑے ایونٹ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی لیکن اس کے تین کھلاڑی اپنی انفرادی کارکردگی کی وجہ سے آئی سی سی کی ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ایڈین مارکرم نے اس سال جنوبی افریقہ کی جانب سے چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 570 رنز اسکور کیے۔ ان کی اوسط تو 44 رنز فی اننگز رہی لیکن ان کا اسٹرائیک ریٹ تقریبا 150 کے قریب رہا جو انہیں اس ٹیم میں جگہ دلانے میں اہم ثابت ہوا۔

آئی سی سی کی رینکنگ میں ٹاپ کھلاڑیوں میں شامل تبریز شمسی اور ڈیوڈ ملر بھی اپنی مستقل بہتر پرفارمنس کی وجہ سے اس ٹیم کے اہل بنے ہیں۔

شمسی نے گزشتہ سال 22 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 36 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا تو ڈیوڈ ملر نے 17 میچز میں 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 377 رنز اسکور کیے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کا فائنل جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم سے مچل مارش اور جوش ہیزل وڈ کو منتخب کیا گیا ہے۔ مچل مارش نے 21 میچز میں 37 کی اوسط سے 627 رنز بنائے۔ ان کی آٹھ وکٹوں نے بھی آسٹریلوی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ نے 15 میچز میں 23 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

جوس بٹلر بطور بلے باز شامل، مستفیض الرحمان نے بنگلہ دیش کی نمائندگی کی

انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے گزشتہ سال تباہ کن بیٹنگ کرنے والے جوس بٹلر آئی سی سی کی ٹیم میں بطور اوپنر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ جنوری سے دسمبر 2021 تک بھرپور فارم میں رہے۔

جوس بٹلر ورلڈ کپ میں سنچری بنانے کے ساتھ 14 میچز میں 65 اعشاریہ 44 کی اوسط سے 589 رنز بنانے میں بھی کامیاب ہوئے۔

اسی طرح بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور سری لنکا کے جادوئی اسپنر ونیندو ہسارانگا بھی فائنل الیون میں اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کرنے میں کامیاب ہوئے۔

بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے پورے سال 20 میچز کھیل کر 28 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ سری لنکن لیگ اسپنر ونیندو ہسارانگا نے اپنی جادوئی بالنگ سے 20 میچز میں 36 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں

آئی سی سی 'ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر' میں بھارت کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔ یہ بات اس لیے باعثِ حیرت نہیں کیوں کہ بھارتی کھلاڑیوں کی گزشتہ سال اس فارمیٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں رہی۔

گزشتہ سال سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹاپ 20 کھلاڑیوں کی فہرست میں صرف ایک بھارتی بلے باز روہت شرما کا نام آیا اور بالروں کی فہرست میں کوئی بھی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہو سکا۔

مگر یہ حیرانی کی بات ضرور ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم، جس نے ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلا، اس کے کسی بھی کھلاڑی کو آئی سی سی کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ، ڈیون کونوے، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی گزشتہ سال قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

مارٹن گپٹل گزشتہ سال 18 میچز میں 678 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر رہے جب کہ 428 رنز کے ساتھ ڈیون کونوے کا 17 واں نمبر تھا لیکن ان دونوں کو بھی آئی سی سی کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

اسی طرح 27 وکٹیں لینے والے ایش سودھی، 24 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے ٹم ساؤتھی اور 23 وکٹیں لینے والے ٹرینٹ بولٹ بھی اس ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG