امریکہ میں ایک ہیرو ماں نے یہ ثابت کردیا کہ ماں اپنے بچے کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان پر بھی کھیل سکتی ہے ۔ ریاست کولاراڈو سے تعلق رکھنے والی ایک ماں نے اپنے بچے کو شیرجیسے خطرناک جانور کے منہ سے واپس کھینچ لیا ہے۔
جمعہ کی شام کولاراڈو میں ایک پانچ سالہ لڑکے پر پہاڑی شیر نے حملہ کیا اور بچےکی جان بچانے کے لیے اس کی بہادر ماں نے ممکنہ طور پر شیر کے ساتھ لڑائی کی۔
پٹکن کاؤنٹی پولیس کے مطابق ایک پانچ سالہ لڑکا جس پر شیر نے حملہ کیا تھا وہ اب ڈینور اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت پہلےسے بہتر ہے۔
یہ حملہ ریاست کولاراڈو سے 10 میل شمال مغرب کی طرف ووڈی کریک نامی وادی میں ہوا ۔
پولیس رون راین نے بتایا کہ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کو رات آٹھ بجے لڑکے کے والد نے فون کر کے واقعے کی اطلاع دی تھی جبکہ لڑکے کو زخمی حالت میں اس کے والد نے مقامی اسپتال پہنچایا تھا۔
لڑکے کی ماں کے بیان کے مطابق اس کا بیٹا اپنے بڑے بھائی کے ساتھ گھر کے باہر والے آنگن میں کھیل رہا تھاجب اسے چیخوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ باہر کی طرف بھاگی اور اس نے دیکھا کہ اس کا بیٹا شیر کے تیز دھار پنجوں میں دبا ہوا تھا۔
ماں نے پولیس کو بتایا کہ وہ شیر سے اپنے بیٹے کو کھینچنے میں کامیاب ہوگئی۔
پولیس کی طرف سے لڑکے اور اس کے گھر والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
لڑکے کو آسپن ویلی اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد ڈینور کے بچوں کے ایک اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے اس کے چہرے ،گردن اور سر پر زخم آئے ہیں ۔
لڑکے کی ماں اس واقعے میں معمولی زخمی ہوئی ہے اس کے ہاتھ اور پیر پر زخم آئے ہیں جبکہ ماں کو مرہم پٹی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔
حملے کے بعد پولیس اور امریکی فورسٹ سروس کے ایک افسر کو شیر بچے کےگھر کے آنگن میں درختوں کے پیچھے چھپا ہوا مل گیا ہے،جسے مار دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیر واقعے کے بعد بھی وہیں تھا جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ زخمی تھا یا بیمار تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کولاراڈو میں شازونادر ہی کبھی پہاڑی شیروں کو دیکھا گیا ہے۔
کولاراڈو پارکس اور وائلڈ لائف ویب سائٹ کےمطابق پہاڑی شیر عام طور پر پرسکون ہوتا ہے تاہم شیر کے حملوں میں اضافے کی ایک وجہ انسان کاان کے علاقوں میں آباد ہونا اور ہرنوں کی آبادی میں اضافہ ہے۔
ویب سائٹ میں مقامی رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پہاڑی شیر کا سامنا ہونے کی صورت میں اس کے ساتھ اپنے ہاتھوں ،پتھروں ،جیکٹ ،بیلٹ اور ڈنڈے کے ساتھ مقابلہ کرسکتے ہیں ۔
ویب سائٹ سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ انسانوں پر شیر کا حملہ شازونادر دیکھا جاتا ہے جبکہ شمالی امریکہ میں 100 برس سے زائد عرصے کے دوران اب تک شیر کے حملے میں درجن بھر سے کم لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔