رسائی کے لنکس

فیفا کے مزید 16 عہدیداروں پر فرد جرم عائد


امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ کہتی ہیں کہ ان کا محکمہ یہ کارروائی اس لیے کر رہا ہے کہ تاکہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی بدعنوانی پر مبنی رویے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

امریکہ کے محکمہ انصاف نے فٹبال کی عالمی تنظیم "فیفا" کے مزید 16 عہدیداروں پر بدعنوانی اور غیر قانونی طور پر رقوم کی منتقلی کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔

ان میں فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے پانچ موجودہ یا سابق ارکان اور شمالی و جنوبی امریکہ کی فٹبال فیڈریشنز کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔

اس طرح اب تک دنیا کے اس مقبول ترین کھیل کے کرتا دھرتا ادارے سے منسلک افراد اور کمپنیوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے جن پر بدعنوانی کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

محکمہ انصاف کے مطابق بدعنوانی کے مرتکب 12 افراد اور دیگر مارکیٹنگ کمپنیاں پہلے ہی تحقیقات کے نتیجے میں 19 کروڑ ڈالر واپس کرنے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں دس کروڑ ڈالر کی رقم کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے جو کہ امریکہ اور بیرون ملک مختلف غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔

امریکہ نے 13 ملکوں کو اس ضمن میں قانونی معاونت کے لیے درخواست بھی کی ہے۔

امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ کہتی ہیں کہ ان کا محکمہ یہ کارروائی اس لیے کر رہا ہے کہ تاکہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی بدعنوانی پر مبنی رویے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر جیمز کومی کا کہنا ہے کہ "دہائیوں تک یہ افراد فٹبال فیڈریشنز کے کرتا دھرتا کے طور پر اپنی طاقت کا استعمال کرتے رہے ہیں اور پوری دنیا میں بدعنوانی اور لالچ کا جال بچھاتے رہے ہیں جس سے اس خوبصورت کھیل کی ساکھ متاثر ہوئی۔"

انھوں نے مزید کہا کہ وہ تمام ایجنسیوں کا ان کی محنت پر شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے "دنیا کو یہ دکھایا کہ ہم ایسی مجرمانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے۔"

لوریٹا لنچ نے اس ضمن میں سوئٹزرلینڈ کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا جہاں فیفا کا صدر دفتر واقع ہے۔ انھوں نے برازیل، کولمبیا اور دیگر کئی ملکوں کی طرف سے تعاون فراہم کیے جانے کو بھی سراہا۔

XS
SM
MD
LG