رسائی کے لنکس

ٹرمپ حکومت کے لیے امیگریشن بڑا توجہ طلب مسئلہ ہونا چاہیے: امریکیوں کی رائے


AP Poll Top Issues 2025
AP Poll Top Issues 2025

  • حالیہ سروے کے مطابق تقریباً نصف امریکی بالغوں نے ایک کھلے سوال کے جواب میں امیگریشن اور سرحدی موضوعات کو اپنی جانب سے حکومت کے لیے اہم ترجیحات قرار دیا۔
  • ایک سال قبل کیے گئے اس قسم کے سروے میں تقریباً ایک تہائی سے زیادہ امریکیوں نے اس موضوع کو حکومتی ترجیح کے طور پر بیان کیا تھا۔
  • صدارتی مہم میں ٹرمپ نے قانونی دستاویزات کے بغیر امریکہ میں رہنے والے تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر ملک بدری اور امریکہ میں پیدا ہونے پر شہریت کے پیدائشی حق کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا۔
  • ریپبلیکن خاص طور پر کئی برسوں سے اس مسئلے کو بہت اہم بیان کرتے ہیں۔

گزشتہ برسوں کے مقابلے میں امریکیوں کی زیادہ تعداد اب یہ سمجھتی ہے کہ 2025 میں واشنگٹن میں نئی حکومت کے لیے امیگریشن زیادہ توجہ کا مرکز مسئلہ ہونا چاہیے۔

امریکیوں کے خیالات کے بارے میں ایک حالیہ عوامی جائزے کی تفصیلات اس وقت سامنے آئی ہیں جب امریکہ ایک نئی ریپبلیکن انتظامیہ کے دور کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس ماہ کی بیس تاریخ کو ڈونلڈ ٹرمپ دوسری مرتبہ اپنے دور صدارت کا آغاز کریں گے۔

گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل اپنی صدارتی مہم میں انہوں نے قانونی دستاویزات کے بغیر امریکہ میں رہنے والے تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر ملک بدری اور امریکہ میں پیدا ہونے پر شہریت کے پیدائشی حق کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا۔

تارکینِ وطن امریکہ میں داخلے کی کوشش کرتے ہوئے۔ فوٹو اے پی 26ستمبر 2024
تارکینِ وطن امریکہ میں داخلے کی کوشش کرتے ہوئے۔ فوٹو اے پی 26ستمبر 2024

خبر رساں ادارے "ایسوسی ایٹڈ پریس" اور تحقیقی تنظیم "نارک سنٹر فار پبلک افیئرز" کے ایک حالیہ سروے کے مطابق تقریباً نصف امریکی بالغوں نے ایک کھلے سوال کے جواب میں امیگریشن اور سرحدی موضوعات کو اپنی جانب سے حکومت کے لیے اہم ترجیحات قرار دیا۔

دسمبر میں ہونے والے اس سروے میں شرکا سے کہا گیا تھا کہ وہ ان پانچ مسائل کی نشاندہی کریں جن پر وہ چاہتے ہوں کہ حکومت اس سال کام کرے۔

ایک سال قبل کیے گئے اس قسم کے سروے میں تقریباً ایک تہائی سے زیادہ امریکیوں نے اس موضوع کو حکومتی ترجیح کے طور پر بیان کیا تھا۔

کچھ عرصے سے امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی پارٹیوں سے وابستگی رکھنے والے، یعنی ڈیموکریٹس اور ریپبلیکن مردوں، خواتین اور جوانوں اور بوڑھوں میں، امیگریشن ایک اہم مسئلے کے طور پر ابھرا ہے۔

ریپبلیکن خاص طور پر کئی برسوں سے اس مسئلے کو بہت اہم بیان کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق 10 میں سے 7 ریپبلیکن کہتے ہیں کہ امیگریشن یا امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار وہ مسائل ہیں جن پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔ اب سے دو سال قبل یہ تناسب 45 فیصد تھا۔

سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں ایسے وقت واپس آر ہے ہیں جب ان کے حامی اور ملک کا بیشتر حصہ ان کے لیے اہم امیگریشن کے مسئلے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

یہ صورت حال آج سے چار برس پہلے کے حالات کے برعکس ہے جب انہوں نے موجودہ صدر جو بائیڈن کی کامیابی کے بعد وائٹ ہاوس چھوڑا تھا۔

اس وقت کا ماحول تارکین وطن کے لیے زیادہ خوش آئند تھا۔

امریکی معاشرے میں تارکینِ وطن کا کردار
please wait

No media source currently available

0:00 0:04:16 0:00

تاہم، اے پی کے مطابق امیگریشن کے مسئلے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باوجود لوگوں میں معاشی صورت حال پر بے چینی ایک بڑے مسئلے کے طور بدستور موجود ہے۔

تقریباً تین چوتھائی امریکیوں کا کہنا ہے کہ حکومت اقتصادی مسائل کو توجہ کا مرکز بنائے جیسا کہ گزشتہ کچھ برسوں سے ہوتا چلا آ رہا ہے۔

تقریباً 33 فیصد امریکی ملک کی خارجہ پالیسی کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہیں جبکہ صحت عامہ اور سیاست ان کی ترجیحات میں اس کے بعد آتے ہیں۔

(اس خبر میں شامل معلومات اے پی سے لی گئی ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG