رسائی کے لنکس

جنوبی امریکہ: سیلابوں کے باعث ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی نقل مکانی


پیراگوئے کے دارالحکومت کے مضافاتی علاقے کا ایک منظر
پیراگوئے کے دارالحکومت کے مضافاتی علاقے کا ایک منظر

پیراگوئے کے صدر اورسیو کارٹیس نے دارالحکومت اور دیگر کئی مضافاتی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

جنوبی امریکہ کے مختلف ملکوں میں شدید بارشوں اور سیلابوں کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

حکام کے مطابق موسمیاتی نمونے النینو کے باعث درجہ حرارت میں تبدیلی اور طوفانی بارشوں سے پیراگوئے، یوراگوئے، برازیل اور ارجنٹائن میں موسم کی صورتحال شدت اختیار کر چکی ہے اور اس سے وسیع پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔

اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پیراگوئے کے دارالحکومت اسنشیئن سے لگ بھگ نوے ہزار افراد کو منتقل ہونا پڑا ہے جن میں دریائے پیراگوئے کے قریب آباد خاندانوں کی اکثریت ہے۔

حکام نے بتایا کہ دارالحکومت سے تقریباً 120 کلومیٹر دور واقع علاقے سے بھی سات ہزار کے لگ بھگ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

پیراگوئے کے صدر اورسیو کارٹیس نے دارالحکومت اور دیگر کئی مضافاتی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

ارجنٹائن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں سے تقریباً بیس ہزار افراد کو مجبوراً نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

کوریئنٹیس خطے کے گورنر ریکارڈو کولومبی نے کہا ہے کہ " ہم چند مشکل مہیںوں کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے نتائج سنگین ہوں گے۔"

یوراگوئے میں حکام نے بتایا کہ دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال کے باعث ان کے قریبی علاقوں سے نو ہزار افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا اور ان کے بقول پانی کی سطح اگلے کئی روز تک برقرار رہے گی۔

برازیل کی جنوب مشرقی ریاست ریو گرینڈ ڈو سُل کے محکمہ شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ یہاں سے بھی سات ہزار کے لگ بھگ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

برازیل کی صدر ڈلما روسیف نے بھی ارجنٹائن اور یوراگوئے کے سرحدوں پر واقعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

حکام کے مطابق اس ریاست میں 38 قصبوں کو شدید بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG