رسائی کے لنکس

ایشیائی ناظرین کیلیے نئی کنگ فو فلم کی نمائش رواں ہفتے سے


ایشیائی ناظرین کیلیے نئی کنگ فو فلم کی نمائش رواں ہفتے سے
ایشیائی ناظرین کیلیے نئی کنگ فو فلم کی نمائش رواں ہفتے سے

مارشل آرٹ "کنگ فو" کا آبائی گھر تصور کیے جانے والے مشہورِ زمانہ "شائولین ٹیمپل" کے بھکشوئوں کی اجازت سے بننے والی نئی ایکشن فلم رواں ہفتے ایشیا کے کئی ممالک میں ریلیز کی جارہی ہے۔

"کنگ فو " طرزِ لڑائی کے گرو تصور کیے جانےو الے چین کے "شائولین ٹیمپل" کے بھکشووں کی اجازت سے بنائی جانے والی تاریخ کی یہ دوسری فلم ہے۔ اس سے قبل 1982 میں ہانک کانگ میں بننے والی مشہور فلم "دی شائولین ٹیمپل" وہ پہلی اور واحد فلم تھی جس کی فلمبندی کی "کنگ فو" آرٹس کے مرکز سمجھے جانے والے ٹیمپل کے حکام نے باقاعدہ اجازت دی تھی۔

رواں ہفتے ریلیز کی جانے والی فلم 1982 کی ہی اس فلم کا ڈیبیو ہے جس میں ایک فرد کے اپنے دشمنوں سے لیے گئے انتقام کی کہانی کو چین میں واقع "کنگ فو" کے 1500 سال قدیم تربیتی مرکز کے پسِ منظر میں پیش کیا گیا ہے۔

وسطی چین میں واقع "شائولین ٹیمپل" کو "کنگ فو" طرزِ لڑائی کا موجد اور مرکز قرار دیا جاتا ہے جہاں رہنے والے بھکشوو اس فن کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ "شائولین ٹیمپل" اور اس کے بھکشووں سے متاثر ہوکر ہالی ووڈ اور دیگر ممالک میں درجنوں فلمیں اور ٹی وی سیریلز بنائے جاچکے ہیں جن میں 70 کی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریل "کنگ فو" بھی شامل ہے۔ تاہم ان سیریلز میں سے کسی کو بھی ٹیمپل کے بھکشووں کی باقاعدہ سرپرستی حاصل نہیں رہی۔

"شائولین" کے نام سے بنائی جانے والی نئی فلم کے ہدایت کار ہانک کانگ کی ایکشن موویز کے مشہور ڈائریکٹر بینی چان ہیں۔ امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے چان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 1982 کی فلم کے اس ری میک میں شائولین طرز کے دائو پیچ استعمال کرنے کےبجائے "زین" طرز کی لڑائی کا استعمال کیا ہے جس میں جارحانہ حملوں کے بجائے ذاتی دفاع پر زور دیا جاتا ہے۔

"شائولین" کی نمائش کا آغاز بدھ سے چین اور فلپائن میں ہوگا جبکہ آسٹریلیا کے ناظرین کیلیے یہ فلم جمعرات اور سنگاپور، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا میں یہ فلم جمعہ کو نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔ ویتنام اور دیگر ایشیائی ممالک میں فلم کا افتتاح آئندہ ماہ فروری میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG