بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے اپنی فلم پا کی تشہیر کے سلسلہ میں دوروں پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ یوں تو امیتابھ نے ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کیا ہے لیکن فرقہ پرست بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیراقتدار صوبوں کے دورہ نے سیکیولر جماعتوں کو بے چین کردیا ہے۔
گزشتہ دنوں گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی سے ملاقات پر اٹھا تنازع ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ امیتابھ ایک نئے تنازع میں گھر گئے۔ انہوں نے ہفتہ کے دن کرناٹک کے وزیراعلیٰ یدی یورپا سے ملاقات کی اور انہیں فلم پا دکھائی۔ یدی یورپا کا تعلق بھی بی جے پی سے ہے۔ بینگلور میں امیتابھ نے فلم کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔
فلم دیکھنے کے بعد وزیراعلیٰ نے فلم کی کافی ستائش کی اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اس فلم کو دیکھیں۔ اس فلم میں امیتابھ نے اپنے فلمی کیریر کا سب سے منفرد کردار نبھایا ہے۔ وہ ایک 12 سالہ لڑکے کے رول میں دیکھے گئے جو پروگیریا نامی مرض کا شکار ہوتا ہے۔
امیتابھ نے اس فلم میں ابھیشک بچن کے بیٹے کا رول ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلم انتہائی معلوماتی ہے اور اس میں ایک مریض بچے کے والدین کی بےچینی اور ان کے مسائل کو فلمایا گیا ہے۔ یدی یورپا نے کرناٹک حکومت کی جانب سے فلم پر تفریحی ٹیکس میں 50 فیصد کی رعایت دینے کا اعلان کیاہے۔ امیتابھ نے ٹیکس میں رعایت پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔
گذشتہ دنوں امیتابھ بچن نے ملک کے متنازع وزیراعلیٰ نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور مودی نے ان کی فلم پا کو گجرات صوبہ میں تفریحی ٹیکس سے مکمل طور پر چھوٹ کا اعلان کیاتھا۔ اس کے جواب میں خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امیتابھ نے گجرات میں سیاحت کے فروغ کے لئے کام کرنے کا وعدہ کیا۔
مودی سے ملاقات اور ان کی تعریف کرنے پر سیکیولر افراد نے امیتابھ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امیتابھ بچن سماج وادی پارٹی سے قریب ہیں اور وہ ماضی میں الہ آباد سے کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوچکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ فلم پا کو تفریحی ٹیکس میں چھوٹ صرف بی جے پی زیراقتدار صوبوں میں ملی ہے۔ امیتابھ بچن نے ایک ٹی وی انٹرویو میں ناقدین کے اعتراضات کو یہ کہتے ہوے مسترد کردیا کہ وہ فلم کی تشہیر کے مقصد سے دورہ کررہے ہیں نہ کہ بی جے پی کی تشہیر کے لئے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں مودی کی نہیں بلکہ صوبہ کی تعریف کی ہے۔ وہ وہاں کی سیاحت کو فروغ دیں گے جس سے صوبہ کو فائدہ ہوگا۔ امیتابھ کا عذر چاہے کچھ ہو لیکن یہ بات تو طے ہے کہ ایک اداکار اپنے فائدہ کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔