رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم وفاقی کابینہ میں شمولیت پر آمادہ


ایم کیو ایم کو وفد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ، فائل
ایم کیو ایم کو وفد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ، فائل

حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کے گورنر ہاؤس میں بدھ کی شب وفاقی وزیرِ داخلہ رحمن ملک کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ان کی جماعت صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیرِ داخلہ رحمن ملک کی جانب سے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں شامل ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے تین برس تک اقتدار میں رہنے کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے دو وفاقی وزراء اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔ تاہم وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے باوجود ایم کیو ایم کے اراکینِ پارلیمان کے سرکاری بینچوں پر بیٹھے رہنے اور حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے فیصلے کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہی میں قائم حکومتی اتحاد اکثریت کھو دینے کے باوجود اپنا اقتدار بچانے میں کامیاب رہا تھا۔

ایم کیو ایم کا موقف تھا کہ 2008ء میں برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے پی پی پی کی حکومت کا ایم کیو ایم کے ساتھ رویہ درست نہیں رہا اور کئی بار توجہ دلانے کے باوجود ایم کیو ایم اور اسکے وزراء کے مطالبات پر کان نہیں دھرا گیا۔ تاہم وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے باوجود صوبہ سندھ کے شہری علاقوں میں اثرورسوخ رکھنے والی جماعت کی جانب سے سندھ کی صوبائی حکومت میں بدستور شامل رہنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بدھ کی شب ہونے والی پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایم کیو ایم کو اس کے تمام مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے ان کے بقول "ملک کے وسیع تر مفاد میں وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے"۔

ا س سے قبل گزشتہ روز متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی قیادت میں اسلام آباد میں صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پی پی پی کی جانب سے وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت قبول کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے 3 سے 4 اراکینِ پارلیمان کو وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ یہ نئے وزراء وزیرِاعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دورہ فرانس سے واپسی پر اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے جو 5 مئی کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

اس سے قبل پیر کے روز پاکستان مسلم لیگ (قائدِاعظم) سے تعلق رکھنے والے 14 نئے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 9 3ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG