رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی


کارکنان بھرپور تیاری کرلیں، ایم کیو ایم پنجاب کے ہر ضلع اور ہر تعلقے سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی: الطاف حسین کا اعلان

کراچی ۔ سندھ کی بااثر جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے پنجاب بھر سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے اس بات کا اعلان جمعہ کی شب لند ن سے ٹیلی فون پر خطاب کے دوران کیا۔

لاہور اور ملتان میں موجود اپنے پارٹی ممبران اور عہدیداروں سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پنجاب کے ہر ضلع اور ہر تعلقے سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے اپنے کارکنون سے اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کو فرسودہ جاگیردانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی، ملک کو ان سے بچانے کے لئے آگے آنا ہوگا۔

اُن کے بقول، جب تک کرپٹ سیاسی کلچر ختم نہیں ہوگا، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اگر اس نظام کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک پر دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور سفاک عناصر کا قبضہ مضبوط سے مضبوط ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو تعلیم اور معیشت کے میدان میں مضبوط بنایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ صرف ایم کیو ایم ہی وہ واحد جماعت ہے جو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست قائم کر سکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG