رسائی کے لنکس

امریکہ اور کینیڈا شدید برفانی طوفان کی زد میں، ہزاروں پروازیں منسوخ


ایک شخص شدئد سردی میں لحاف اوڑھے سڑک عبور کر رہا ہے۔
ایک شخص شدئد سردی میں لحاف اوڑھے سڑک عبور کر رہا ہے۔

امریکہ کرسمس کی تعطیلات کے آغاز پر ایک بڑے برفانی طوفان کا سامنا کر رہا ہے ۔ موسم کی شدت کے باعث جمعرات کو دو ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ جب کہ امریکہ اور کینیڈا میں لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔

یو ایس نیشنل ویدر سروس نے کہا کہ موسم سرما کا تاریخی طوفان اختتام ہفتہ ملک کے بڑے حصوں میں آمد ورفت میں بڑے پیمانے پر خلل ڈال رہا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کے روز عوام کو شدید طوفان کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنے علاقے سے متعلق جاری ہونے والے اعلانات اور ہدایات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

قطبی علاقے آرکٹک سے شروع ہونے والے اس یخ بستہ طوفان نے امریکہ اور کینیڈا کے زیادہ تر علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ موسم پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے نے بتایا ہے کہ سرد طوفان کی وجہ سے 33 کروڑ آبادی کے اس ملک میں 20 کروڑ سے زیادہ افراد شدید یا درمیانی شدت کے طوفان کا سامنا کر رہے ہیں یا یخ بستہ ہوائیں ان کے علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موجودہ موسم میں شدید سردی سے متعلق اب تک جتنے انتباہ ، وارننگز اور ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ خود ایک ریکارڈ ہیں۔

نیشنل ویدر سروس نے جمعرات کی شام بتایا کہ برفانی طوفان ملک کے وسط مغربی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور تیز سرد ہواؤں کی وجہ سے وہاں درجہ حرارت تیزی سے گر رہا ہے۔

امریکہ میں شہری حکومتیں برفانی طوفان سے کس طرح نمٹتی ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:52 0:00

جمعے کے روز دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل گھٹ رہا ہے ، جو امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو صفر سے 23 درجے فارن ہائیٹ نیچے تک جا سکتا ہے۔ اگلے دو روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی صفر سے کم رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں آئندہ دو روز کے دوران درجہ حرارت منفی 45 سے منفی 70 تک گر سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برفانی طوفان کی شدت کے باعث امریکہ اور کینیڈا کی کئی ریاستوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا ہے اور ساڑھے 6 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ امریکی ریاست جارجیا میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کے گھروں میں بجلی نہیں ہے جب کہ کینیڈا کے کیوبیک اور انٹاریو صوبوں میں جمعے کے روز ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ گھروں میں بجلی موجود نہیں تھی۔

طوفان کی شدت میں اضافے کے باعث ایئر لائنز نے ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر لائن ویسٹ جیٹ نے کینیڈا بھر میں "طویل اور شدید موسمی صورت حال" کی وجہ سے جمعہ کو اپنی پروازیں معطل رکھیں۔

موسمیات کے ادارے نے کہا ہے کہ اس بار ہم ایک ایسا کرسمس دیکھنے جا رہے ہیں جس میں کئی عشروں میں سب سے زیادہ برف ہو گی۔

دوسری جانب سفر سے متعلق اعداد و شمار اکھٹے کرنے والی کمپنی ٹرپل اے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کا زور گھٹنے کے بعد کرسمس کی ان تعطیلات میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے عزیزوں اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کےلیے سفر کرے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپنی گاڑیوں اور بسوں کےذریعے گیارہ کروڑ سے زیادہ امریکی سفر کریں گے جب کہ 70 لاکھ سے زیادہ امریکی ایئرپورٹس کا رخ کریں گے۔

( وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG