رسائی کے لنکس

بھارت: امبانی نے چھوٹے بھائی کو جیل جانے سے بچا لیا


مکیش امبانی اور اُن کی بیگم نیتا۔ فائل
مکیش امبانی اور اُن کی بیگم نیتا۔ فائل

مکیش امبانی اور اُن کا خاندان ممبئی کے جنوبی علاقے میں تعمیر شدہ 27 منزلہ عمارت میں رہائش پزیر ہے۔ لگ بھگ ایک ارب ڈالر مالیت سے تعمیر ہونے والی یہ رہائش گاہ دنیا کی سب سے مہنگی رہائش گاہ تصور کی جاتی ہے۔

بھارت کے ارب پتی مکیش امبانی اور اُن کے چھوٹے بھائی انیل امبانی کے درمیان عرصہٴ دراز سے جاری خاندانی جھگڑے نے ایک نئی صورت اختیار کر لی ہے، جب بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کا قرضہ ادا کر کے انھیں جیل جانے سے بچا لیا۔

ان دونوں بھائیوں کے والد اور بھارت کی بڑی صنعتی ملکیت، ’ریلائنس انڈسٹریز‘ کے مالک، دھیروبھائی امبانی 2002ء میں بغیر کوئی وصیت لکھے انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد ریلائنس انڈسٹریز کے کنٹرول کیلئے دونوں بھائیوں میں ٹھن گئی۔

اس موقع پر اُن کی والدہ کی کوششوں سے دونوں بھائی ریلائنس انڈسٹریز کے بٹوارے پر رضامند ہو گئے اور یہ طے ہوا کہ دونوں بھائی ایک دوسرے کے کاروبار میں مداخلت نہیں کریں گے۔

بٹوارے کے بعد بڑے بھائی 61 سالہ مکیش امبانی کا کاروبار چمک اُٹھا اور اُن کے اثاثے 54 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔ اور یوں، وہ ایشیا کے امیر ترین انسان بن گئے جبکہ چھوٹے بھائی 59 سالہ انیل امبانی کا کاروبار مسلسل گراوٹ کا شکار ہوتا گیا اور اُن کے اثاثوں کی مالیت کم ہوتے ہوئے 30 کروڑ ڈالر رہ گئی۔

مکیش امبانی اور اُن کا خاندان ممبئی کے جنوبی علاقے میں تعمیر شدہ 27 منزلہ عمارت میں رہائش پزیر ہے۔ لگ بھگ ایک ارب ڈالر مالیت سے تعمیر ہونے والی یہ رہائش گاہ دنیا کی سب سے مہنگی رہائش گاہ تصور کی جاتی ہے۔

دوسری جانب انیل امبانی کی کمپنی، ریلائنس کمیونی کیشنز چار ارب ڈالر کی مقروض ہو گئی اور اس کمپنی نے گزشتہ ماہ خود کو دیوالیہ قرار دینے کیلئے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ انیل امبانی سویڈن کی کمپنی ایریکسن کے بھی 7 کروڑ 70 لاکھ کے مقروض ہو گئے اور بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ اگر وہ سویڈن کی کمپنی کو یہ رقم ادا نہیں کریں گے تو اُنہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔

پیر کی شام انیل امبانی نے انکشاف کیا کہ اُن کے بڑے بھائی نے اُن کا یہ قرضہ ادا کر دیا ہے اور یوں وہ جیل جانے سے بچ گئے ہیں۔ انیل امبانی نے یہ انکشاف کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنے بڑے بھائی مکیش اور بھابھی نیتا کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں اُن کا ساتھ دیا۔

دونوں بھائیوں نے اس سے قبل 2011 میں اپنے والد کیلئے ایک یادگار تعمیر کرائی تھی اور اُس موقع پر اُن کی والدہ نے اعلان کیا تھا کہ دونوں بھائیوں میں اختلاف ختم ہو گیا ہے۔ تاہم، اس کے پانچ برس بعد 2016 میں مکیش امبانی نے ریلائنس جیو موبائل نیٹ ورک لانچ کر دیا جس نے انیل امبانی کی کمپنی ریلاینس کمیونی کیشنز کا کاروبار شدید طور پر متاثر کیا اور وہ مالی بحران کا شکار ہو گئی۔ تاہم، بڑے بھائی نے ایک بار پھر چھوٹے بھائی کا قرضہ ادا کر کے انہیں بیل آؤٹ کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG