رسائی کے لنکس

'جوہری پھیلاؤ سے متعلق انکشاف پاکستان کے لیے خفت کا باعث بنا'


پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے پارلیمان کے ایوان بالا یعنی 'سینیٹ' کی ایک کمیٹی کو بتایا کہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی طرف سے جوہری مواد کی بیرون ملک منتقلی سے متعلق کیے گئے انکشاف کی وجہ سے پاکستان کو خفت اٹھانی پڑی۔

واضح رہے کہ سابق صدر مشرف نے اپنی سوانح عمری میں یہ لکھا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جب پاکستان کے جوہری پروگرام سے منسلک تھے تو انھوں نے شمالی کوریا اور چند دیگر ممالک کو حساس نوعیت کا جوہری مواد منتقل کیا تھا۔

وزارت خارجہ کے عہدیدار نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو بتایا کہ اس انکشاف نے پاکستان کو ایک دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا اور اسے یہ موقف تواتر کے ساتھ دہرانا پڑا کہ پاکستان جوہری پھیلاؤ کے خلاف ہے۔

کمیٹی کے رکن اور متحدہ قومی مومنٹ کے سینیٹر طاہر مشہدی نے ہفتہ کو وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزرات خارجہ کے عہدیدار نے یہ بات اس وقت کہی جب حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ان سے یہ استفسار کیا کہ اس انکشاف کے بعد شمالی کوریا کا ردعمل کیا تھا۔

بین الاقوامی امور کے تجزیہ کار رسول بخش رئیس کا کہنا ہے کہ سابق صدر مشرف کا انکشاف ناصرف پاکستان کے لیے سفارتی حوالے سے ایک مشکل صورت حال کا باعث بنا بلکہ ان کے بقول اس کی وجہ سے پاکستان کی سول جوہری ٹیکنالوجی کے حصول کی کوششوں پر بھی منفی اثر پڑا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ" اس انکشاف کے بعد سول نیوکلئیر سپلائر گروپ زیادہ مضبوط ہوتا گیا اور سول جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی کئی قدغن عائد ہو ئیں۔۔اب صورتحال یہ ہے کہ اگر ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی بھی پاکستان آرہی ہے تو یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ کہیں جوہری پروگرام میں تو استعمال نہیں ہو سکتی ہے۔"

امریکہ اور مغربی ممالک کی طرف سے پاکستان کے جوہری پروگرام کے تحفظ سے متعلق بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا جاتا رہا ہے کہ یہ جوہری ہتھیار عسکریت پسندوں کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔

تاہم پاکستان ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہونے کے ناطے ناصرف اس کے جوہری پروگرام کے تحفظ کا نظامبین الاقوامی سطح پر وضع کردہ قواعد و ضوابط کے عین مطابق ہے بلکہ اس کا سول جوہری پروگرام، جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے "آئی اے ای اے" کے وضع کردہ ضوابط کے عین مطابق ہے۔

XS
SM
MD
LG