رسائی کے لنکس

ڈسکہ ضمنی الیکشن، مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتحار کامیاب


قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ (سیالکوٹ 4) میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اُمیدوار نوشین افتحار نے 16 ہزار سے ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے غیر حتمی نتائج کے مطابق نوشین افتحار نے ایک لاکھ 10 ہزار 75 جب کہ تحریکِ انصاف کے علی اسجد ملہی نے 93 ہزار 433 ووٹ لیے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اس کامیابی کو اُن کے بیانیے کی فتح جب کہ عمران خان حکومت کے خلاف ریفرنڈم قرار دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں حکومت کی پے درپے شکست حکومت پر عوامی عدم اعتماد کا اظہار ہے۔

ادھر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں مسلم لیگ (ن) نہیں جیتی بلکہ تحریکِ انصاف ہاری ہے۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل رواں برس 19 فروری کو قومی اسمبلی کے حلقہ 75 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات ہوئے تھے جس میں دو افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے یہاں دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ہفتے کو پرامن پولنگ یقینی بنانے کے لیے پولیس کے چار ہزار سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اِس کے علاوہ فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود تھیں۔

انیس فروری کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج آر او دفتر میں جمع کرانے کے وقت 20 پریذائیڈنگ افسران پولنگ بیگز کے ہمراہ لاپتا ہو گئے تھے جو اگلے دن دفتر پہنچے تھے۔ نتائج میں غیر ضروری تاخیر اور عملے کے لاپتا ہونے پر 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج میں ردو بدل کے خدشے کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن نے متعلقہ افسران کو غیر حتمی نتیجے کے اعلان سے روک دیا تھا جس پر مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کے الزامات عائد کر کے الیکشن کمیشن سے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے اُمیدوار نے متاثرہ 20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کرانے کی درخواست جمع کرائی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بناتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ کا ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG