اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ون کھلاڑی نوواک جوکووچ کو شکست دے کر 13 ویں مرتبہ فرینچ اوپن ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
رافیل نڈال فرینچ اوپن جیت کر نہ صرف 13ویں مرتبہ ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب رہے بلکہ انہوں نے راجر فیڈر کا 20 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔
پیریس کے رولینڈ گیروس اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں نڈال نے کھیل کے ابتدا ہی سے مخالف کھلاڑی پر برتری قائم رکھی اور کھیل کے تینوں سیٹس میں جوکووچ پیچھے رہے۔
ریڈ کلے کے ماسٹر کہلائے جانے والے رافیل نڈال چھ صفر، چھ دو، اور سات پانچ سے فرینچ اوپن ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جوکووچ اپنا 18 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کے خواہاں تھے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔
میچ جیتنے کے بعد نڈال نے کہا کہ "مجھے راجر فیڈرر کے ریکارڈ برابر کرنے سے زیادہ رولینڈ گیروس میں کامیابی پر خوشی ہے۔ یہی میرے لیے سب کچھ ہے۔"
ادھرنوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ آج کا میچ بہت مشکل تھا، میں نے آج ایک اچھے اور بہتر کھلاڑی کے ساتھ کھیلا۔