پاک افغان شاہراہ پر دھرنا، ٹریفک معطل
پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق مظاہرین نے لنڈی کوتل کے مقام پر پاک افغان شاہراہ کو بند کردیا ہے جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔
لنڈی کوتل میں جاری احتجاج میں مقامی تاجر بھی شریک ہیں جنہوں لنڈی کوتل بازار بند کردیا ہے۔
پاک افغان شاہراہ بند ہونے کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بھی معطل ہوگئی ہے۔
کراچی میں 12 سے زائد مقامات پر دھرنے جاری
کراچی میں سہراب گوٹھ، نمائش، شاہراہِ پاکستان، شاہراہِ فیصل، لیاقت آباد، کورنگی، لانڈھی اور نیو کراچی سمیت ایک درجن سے زائد مقامات پر مظاہرین نے بدستور دھرنا دیا ہوا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہے اور گاڑیوں کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔
شہر میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔
پشاور سے ہمارے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق مظاہروں کے باعث پشاور میں موٹروے 'ایم ون' اور جی ٹی روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی تھی لیکن بعد ازاں موٹروے پر ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔
صوبے کے کئی اور شہروں اور قصبوں میں جاری احتجاج کے باعث کئی مرکزی شاہراہیں بند ہیں جس کے باعث رائے ونڈ میں جمعے سے شروع ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جانے والے قافلے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔
لاہور میں کئی سڑکیں بند، احتجاج جاری
لاہور سے ہماری نمائندہ ثمن خان کے مطابق مظاہرین مسلسل دوسرے روز بھی شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر دھرنا دیے ہوئے ہیں جب کہ شہر میں کاروبارِ زندگی جزوی طور پر بحال ہوا ہے۔
مظاہرین نے بھٹہ چوک، رنگ روڈ اور عسکری ٹین کی طرف سے ایئر پورٹ جانے والے راستے بند کر رکھے ہیں جب کہ کئی ناکوں پر بھی مظاہرین جمع ہیں۔ چیئرنگ کراس پر جاری تحریکِ لبیک پاکستان کا مرکزی دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔