رسائی کے لنکس

آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف جمعے کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے نزدیک مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف جمعے کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے نزدیک مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف جزوی ہڑتال، مظاہرے

سپریم کورٹ کی جانب سے توہینِ رسالت کے الزام میں سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی رہائی کے حکم کے بعد احتجاج کا سلسلہ جمعے کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔

ملک کے کئی بڑے شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر بیشتر کاروباری مراکز بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔

ملک بھر میں بیشتر نجی تعلیمی ادارے بند رہے جب کہ سرکاری دفاتر میں حاضری بھی معمول سے کہیں کم تھی۔

مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے ملک کے کئی بڑے شہروں میں اہم شاہراہیں اور ہائی ویز بدستور بند کر رکھی ہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بدھ کی صبح سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سزائے موت برقرار رکھنے کے فیصلے کے خلاف دائر آسیہ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد ملک کے کئی شہروں اور قصبوں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے بدھ کی شب قوم سے اپنے خطاب میں مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ وہ ریاست کی رِٹ چیلنج نہ کریں ورنہ ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

لیکن وزیرِ اعظم کے خطاب کے بعد جمعرات کو کئی اعلیٰ حکومتی عہدیداران کی جانب سے یہ بیانات سامنے آئے تھے کہ حکومت مظاہرین سے مذاکرات کر رہی ہے۔

لیکن لاہور کے چیئرنگ کراس پر دھرنے پر بیٹھے تحریکِ لبیک پاکستان کے سربراہ خادم رضوی نے جمعرات کی شب مذاکرات ناکام ہونے کا اعلان کیا تھا۔

'زندگی میں پہلی بار ایسے حالات دیکھے'

ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہونے کے سبب کئی ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بھیٹر لگ گئی ہے۔

راولپنڈی سے کراچی جانے والی ایک مسافر خاتون تسکین فاطمہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ بہت مشکل سے اسٹیشن پہنچیں تو پتہ چلا کہ وہاں ٹرین ہی نہیں ہے۔

انھوں نے بتایا کہ وہ 30 سال سے ٹرین پر سفر کر رہی ہیں لیکن ایسے حالات پہلی بار دیکھے ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے بعد جاری احتجاج کے سبب ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل ہے جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت جزوی طور پر بحال ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور کے درمیان سرائے عالمگیر کے مقام پر ٹرین کے ٹریک پر مظاہرین بیٹھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔

حکام کے مطابق سرائے عالمگیر کے قریب کھڑی ٹرین چلانے کی کوشش کی گئی تو مظاہرین نے ٹرین پر پتھراؤ کیا۔

گزشتہ روز احتجاج کے باعث کئی مسافر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا تھا جہاں وہ گھنٹوں کھڑی رہی تھیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

'آب پارہ اور زیرو پوائنٹ ٹریفک کے لیے کھل گیا'

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے ٹویٹ کی ہے کہ آبپارہ اور زیرو پوائنٹ کو کھول دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد حمزہ شفقت نے ٹویٹ کی کہ بہارہ کہو اور چھبیس نمبر چونگی بھی ایک گھنٹے کے بعد کھول دی جائے گی۔

احتجاج کے معاملے پر قومی اسمبلی میں گرما گرمی

قومی اسمبلی کے اجلاس میں نمازِ ظہر کا وقفہ کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل اجلاس کے دوران حزبِ اختلاف کے ارکان نے حکومت پر کڑی تنقید کی۔ حکومت احتجاج پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، وزیرِ اعظم کی کل کی تقریر جارحانہ تھی، حزبِ اختلاف کے ارکان کا الزام۔ اپوزیشن پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہے، وفاقی وزرا کی جوابی تنقید۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG