'آب پارہ اور زیرو پوائنٹ ٹریفک کے لیے کھل گیا'
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے ٹویٹ کی ہے کہ آبپارہ اور زیرو پوائنٹ کو کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد حمزہ شفقت نے ٹویٹ کی کہ بہارہ کہو اور چھبیس نمبر چونگی بھی ایک گھنٹے کے بعد کھول دی جائے گی۔
راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت معطل
آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے بعد جاری احتجاج کے سبب ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرین آپریشن مکمل طور پر معطل ہے جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت جزوی طور پر بحال ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور کے درمیان سرائے عالمگیر کے مقام پر ٹرین کے ٹریک پر مظاہرین بیٹھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔
حکام کے مطابق سرائے عالمگیر کے قریب کھڑی ٹرین چلانے کی کوشش کی گئی تو مظاہرین نے ٹرین پر پتھراؤ کیا۔
گزشتہ روز احتجاج کے باعث کئی مسافر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا تھا جہاں وہ گھنٹوں کھڑی رہی تھیں۔
'زندگی میں پہلی بار ایسے حالات دیکھے'
ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہونے کے سبب کئی ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بھیٹر لگ گئی ہے۔
راولپنڈی سے کراچی جانے والی ایک مسافر خاتون تسکین فاطمہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ بہت مشکل سے اسٹیشن پہنچیں تو پتہ چلا کہ وہاں ٹرین ہی نہیں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وہ 30 سال سے ٹرین پر سفر کر رہی ہیں لیکن ایسے حالات پہلی بار دیکھے ہیں۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ
حکومت نے امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔
سندھ بھر میں پہلے ہی سے دفعہ 144 نافذ ہے۔