رسائی کے لنکس

افغانستان: نیٹو ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک


افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں ایک نیٹو ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک اور دو عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں ایک نیٹو ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک اور دو عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق واقعہ صوبہ غزنی کے ضلع دیاک میں جمعرات کو پیش آیاجہاں نیٹو ہیلی کاپٹر شدت پسندوں کے خلاف جاری ایک کاروائی میں حصہ لے رہا تھا۔

نیٹو حکام نے کہا ہے کہ وہ حملے میں افغان اہلکاروں کی ہلاکت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی صوبہ غزنی میں ہی نیٹو ہیلی کاپٹر کی ایک کاروائی میں نو طالبان شدت پسندوں کے ساتھ دو عام شہری بھی مارے گئے تھے جس پر مقامی حکام نے احتجاج کیا تھا۔

خیال رہے کہ افغان صدر حامد کرزئی نے گزشتہ ماہ ہی افغان سیکیورٹی دستوں کو پابند کیا تھا کہ وہ اپنی کاروائیوں کے دوران میں غیر ملکی افواج سے فضائی مدد طلب نہ کریں۔

افغان صدر نے اپنے حکم میں افغانستان میں تعینات نیٹو افواج سے بھی کہا تھا کہ افغانوں کے گھروں اور دیہات پر فضائی حملوں سے گریز کریں۔

صدر کرزئی نے یہ حکم ایک نیٹو حملے میں 10 عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ نیٹو فورسز کی کاروائیوں میں عام افغان شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ کرزئی حکومت اور افغانستان میں موجود بین الاقوامی افواج کے افسران کے مابین طویل عرصہ سے وجہ نزاع چلا آرہا ہے۔

گزشتہ ہفتے نیٹو طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی بمباری کے دو مختلف واقعات میں کئی بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
XS
SM
MD
LG