رسائی کے لنکس

نیٹوممالک کےوزرا کااجلاس: جوہری دفاع، افغانستان زیرِ بحث


امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نےنیٹو ممالک کے وزراکےایک کلیدی اجلاس میں جوہری دفاع اورافغانستان سے متعلق امریکی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

کلنٹن نے یہ بات جمعرات کے دِن استونیا کے دارالحکومت، تالِن میں اپنےخطاب میں کہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ استونیا اور دیگر اتحادیوں کے دفاع کے عزم سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

کلنٹن اور یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ برِ اعظم میں جوہری ہتھیاروں کے مستقبل کے علاوہ افغانستان کی ناتجربہ کار فوج کی تربیت کے لیے مزید فوجی ماہرین کی ضرورت کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نےاگرچہ دنیا کے لیے کام کرنے کا وعدہ کیا ہے، جو جوہری ہتھیاروں سے پاک ہوگی۔ لیکن امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ یورپ کے پانچ ممالک میں موجود اندازاً 200سے زائد جوہری بموں کو ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

کچھ یورپی ممالک نے، جن میں جرمنی شامل ہے، امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اِن ہتھیاروں کو ہٹا دے۔

افغانستان کے بارے میں نیٹو کے سربراہ اینڈرز فوگ رسموسن نے کہا کہ اتحاد کے رکن ممالک کو چاہیئے کہ افغان فوج کو تربیت دینے کے لیے مزید افواج کی تعیناتی کی حامی بھریں، اِس امید کے ساتھ کہ آخرِ کار سکیورٹی کے حوالے سے افغانستان نمایاں کردار سنبھالے گا۔

XS
SM
MD
LG