رسائی کے لنکس

عدالتوں کا دہرا معیار اور انصاف کا خون نہیں چلے گا: نواز شریف


سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملک ایسے نہیں چلے گا اور دہرے معیار قبول نہیں کریں گے۔ پہلے عدلیہ بحالی کی تحریک چلائی تھی اور اب انصاف کی بحالی کے لیے تحریک چلائیں گے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر عدلیہ کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلوں کو سامنے رکھیں تو دہرا معیار سامنے آجائے گا۔

منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترازو انصاف کی بحالی کے لیے ہونا چاہیے، تحریک انصاف کے لیے نہیں۔ عدالتوں کا دہرا معیار اور انصاف کا خون نہیں چلے گا۔ ہم نہ بے وقوف اور پاگل ہیں نہ بھیڑ بکریاں جو اس طرح کے فیصلے آنکھیں بند کرکے مان لیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کے سامنے بند باندھ کر کھڑے ہیں اور عوام کے پاس جائیں گے۔ یہ سکھا شاہی نہیں چلے گی۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملک ایسے نہیں چلے گا اور دہرے معیار قبول نہیں کریں گے۔ پہلے عدلیہ بحالی کی تحریک چلائی تھی اور اب انصاف کی بحالی کے لیے تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال سے کس نے آمروں کو گلے میں ہار پہنائے اور قانونی جواز دیا،؟ مشرف سے حلف کس نے لیا اور کس نے دیا؟ کس دباؤ پر آمر سے آپ نے حلف لیا؟ 70 سال سے ملک میں مذاق ہوتا رہا ہے لیکن پاکستانی قوم مزید اسے برداشت نہیں کرے گی؟

انہوں نے عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اپنی نااہلی کے فیصلے پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیالی تنخواہ میرا اثاثہ بن گئی اور جس نے خود تسلیم کیا اسے کہا جا رہا ہے کہ یہ اس کا اثاثہ نہیں۔

نااہلی کیس میں عدالتِ عظمیٰ سے عمران خان کی بریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ججز اپنے لاڈلے کی نااہلی روک دیتے ہیں اور جس منتخب وزیرِ اعظم نے کوئی خطا ہی نہیں کی اسے اٹھا کر پھینک دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ میں نے قومی خزانے کو کیا نقصان پہنچایا؟ ہر کسی کےلیے قانون کا ایک ہی سکہ چلے گا۔ جو تنخواہ میں نے لی ہی نہیں اسے میرا اثاثہ بنادیا گیا اور شک کا فائدہ دیے بغیر وزیرِ اعظم کو ہٹا دیا گیا۔

نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ منگل کو دسویں بار اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے جہاں ان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت ہورہی ہے۔

XS
SM
MD
LG