رسائی کے لنکس

نصف امریکی سمجھتے ہیں یوکرین کےلیے امریکی امدادبہت زیادہ ہے: سروے رپورٹ


ایک یوکرینی فوجی نے مارٹر گولہ فائر کرتے وقت دھماکے کی آواز سے بچنے کے لیے اینے دونوں کانوں پر ہاتھ رکھے ہوئے ہیں۔ 8 نومبر 2023۔ فوٹو اے پی
ایک یوکرینی فوجی نے مارٹر گولہ فائر کرتے وقت دھماکے کی آواز سے بچنے کے لیے اینے دونوں کانوں پر ہاتھ رکھے ہوئے ہیں۔ 8 نومبر 2023۔ فوٹو اے پی

ایک ایسے وقت میں جب کہ واشنگٹن میں قانون ساز روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی مدد کے لیے اسے مزید اربوں ڈالر دینے پر غور کر رہے ہیں، ایک حالیہ سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکہ کی تقریباً نصف آ بادی سمجھتی ہے کہ یوکرین کی امداد پر بہت زیادہ خرچ کیا جا رہا ہے۔

یہ سروے ایسوسی ایٹڈ پریس اور این او آرسی سینٹر فار پبلک افیئرز ریسرچ کی جانب سے کرایا گیا ہے۔

یوکرین کی امداد میں کمی سے متعلق جذبات کو ابھارنے میں ریپبلیکنز کی سوچ بنیادی کردار ادا کر رہی ہے جو صدر بائیڈن کی جانب سے یوکرین کو نئی امدادی قسط فراہم کرنے کے خلاف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز امریکہ کے اندر ترجیحی منصوبوں پر صرف کیے جانے چاہیئں۔

حالیہ سروے میں 45 فی صد امریکیوں نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ امریکی حکومت روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی امداد پر بہت زیادہ خرچ کر رہی ہے۔ تاہم امریکی عوام کے اندر امداد کی مخالفت میں کمی دیکھی جا رہی ہے کیونکہ اس سے قبل ایسوسی ایٹڈ پریس اور این او آر سی کے پول میں یوکرین کی امداد کی مخالفت کرنے والوں کی تعداد 52 فی صد تھی۔

یوکرین جنگ: چین کی 'امن تجویز' پر ماہرین کیا کہتے ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:20 0:00

اگر سروے کی جزیات پر نظر ڈالی جائے تو مخالفت میں یہ کمی ریپبلیکنز کی طرف سے ہوئی ہے۔ ستمبر میں ہونے والے سروے میں 69 فی صد ریپبلیکنز نے یوکرین کی امداد کی مخالفت کی تھی جب کہ اکتوبر میں کرائے گئے سروے میں یہ شرح 59 فی صد رہی۔

کولوراڈو سے تعلق رکھنے والے 40 ساله ایرک مونڈیلو کہتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم یوکرین پر بہت زیادہ خرچ کر رہے ہیں جب کہ امریکی شہریوں کو مدد کی زیادہ ضرورت ہے، خاص طور پر سابق فوجیوں کی صحت کی دیکھ بھال اور کمیونیٹیزمیں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے۔ ہمیں پہلے اپنے لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

کھیرسن کے علاقے میں ایک بم پھٹنے کے بعد پرندے خوف سے پرواز کر رہے ہیں۔ 10 نومبر 2023
کھیرسن کے علاقے میں ایک بم پھٹنے کے بعد پرندے خوف سے پرواز کر رہے ہیں۔ 10 نومبر 2023

سروے میں 38 فی صد بالغ امریکیوں کا کہنا تھا کہ یوکرین پر صرف کی جانے والی رقم مناسب ہے جب کہ گزشتہ سروے میں یہ شرح 31 فی صد تھی۔

ری پبلیکنز میں سے 29 فی صد نے یوکرین کی امداد کی حمایت کی جب کہ ستمبر میں امداد کے حامی ریپبلیکنز صرف 20 فی صد تھے۔

وائٹ ہاؤس قانون سازوں پر مسلسل یہ زور دے رہا ہے کہ وہ صدر بائیڈن کے تجویز کردہ 106 ارب ڈالر کے اخراجات کی بل کی منظوری دیں جس پر کام اکتوبر میں شروع ہوا تھا۔ اس میں سے 61 ارب ڈالر یوکرین کے لیے رکھے گئے ہیں جب کہ باقی رقم میں اسرائیل کا حصہ بھی شامل ہے۔

جنگ زدہ یوکرینیوں کے لیے کھانا پکانے والے امریکی فن کار
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:41 0:00

سروے میں اپنی رائے کا اظہار کرنے والے نصف کے لگ بھگ امریکی روس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر فکرمند ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے امریکہ کو براہ رست خطرہ ہے۔

اگر سیاسی پارٹیوں پر نظر ڈالی جائے تو یہ امکان پایا جاتا ہے کہ 53 فی صد ڈیموکریٹس اور 51 فی صد ریپبلیکنز روسی اثر و رسوخ کے خطرے کے پیش نظر یوکرین کی مزید امداد کی حمایت پر آمادگی ظاہر کریں گے۔

سروے میں شامل 48 فی صد افراد یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کے حامی ہیں ۔ 57 فی صد ڈیموکریٹس اور 42 فی صد ریپبلیکنز یوکرین کو ہتھیار دیے کی حمایت کرتے ہیں۔

ستمبر میں کرائے گئے سروے کے مقابلے میں حالیہ سروے میں ان امریکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن کا کہنا ہے کہ امریکہ کو دنیا کے مسائل حل کرنے میں اپنی دلچسپی میں کمی کردینی چاہیے۔ گزشتہ سروے میں یہ رائے دینے والوں کی تعداد 33 فی صد تھی جو اب بڑھ کر 45 فی صد ہو گئی ہے۔

اس تحریر کے لیے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG