رسائی کے لنکس

سیمی فائنل میں بھارت کو شکست: 'آج پہلی بار کوہلی کی آنکھوں میں آنسو دیکھے'


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر جہاں بھارتی شائقین مایوس ہیں، وہیں کرکٹ ماہرین بھی ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستانی شائقین کہاں پیچھے رہنے والے ہیں وہ بھی ٹیم انڈیا کی شکست پر طنز کے نشتر چلا رہے ہیں۔

ایڈیلیڈ اوول میں انگلینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 168 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں ہی حاصل کر کے بھارت کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا۔

بھارت کے سپورٹس تجزیہ کار وکرانت گپتا نے ٹوئٹ کی کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ آپ کو رسک فری کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا۔

بھارتی کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے نے ٹوئٹ کی کہ وہ کئی برسوں سے کوہلی کو دیکھ رہے ہیں، لیکن میں نے کبھی اُن کی آنکھوں میں آنسو نہیں دیکھے تھے، لیکن آج وہ بھی دیکھ لیے۔

بھارت کے سابق فاسٹ بالر عرفان پٹھان نے ٹوئٹ کی کہ یہ ٹیم انڈیا کے لیے ایک سبق ہے کہ وہ مضبوط ہو کر واپس آئیں۔

پاکستانی اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے ٹوئٹ کی کہ بغیر کسی نقصان 170 یہ وہ اسکور لائن ہے جو بہت دیر تک بھارت کو ستائے گی۔

بھارت کے سابق بلے باز سنجے منجریکر نے ٹوئٹ کی کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد بھارت ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم بن جائے گی۔

بھارت کی شکست پر میمز کا سلسلہ بھی جاری ہے جب کہ پاکستانی فینز اور عرفان پٹھان کے درمیان بھی نوک جھونک کا سلسلہ جاری ہے۔

عرفان پٹھان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی کی کامیابی پر ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ہار جیت چلتی رہتی ہے، لیکن پڑوسیوں گریس آپ کے بس کی بات نہیں ہے۔

اس پر شعیب اختر نے ٹوئٹ کی کہ ارے عرفان کیا ہو گیا ہے؟ کسی نے کچھ کہا ہے تو میں انہیں ڈانٹوں گا۔

ایک صارف بلال بن ثاقب نے ٹوئٹ کی کہ انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 170 رنز بنا لیے۔ کیا یہ ہوتی ہے گریس؟

شہباز شریف کی بھی بھارت کی شکست پر دلچسپ ٹوئٹ

بھارت کی شکست پر پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی پیچھے نہیں رہے۔ ایک ٹوئٹ میں اُنہوں نے کہا کہ فائنل میں 170 والوں کا 152 بغیر کسی نقصان والوں سے مقابلہ ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے 152 رنز کا ہدف بابر اور رضوان کی نصف سینچریوں کی بدولت بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو کھیلا جائے گا۔ میلبرن میں اتوار کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم میچ کے لیے ایک ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔

اگر پیر کو بھی بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG