کراچی ... ’ہم ٹی وی‘ سے ایک اور نئی ڈرامہ سیریل ’اڈاری‘شروع ہوئی ہے جوِ کینیڈین حکومت کے تعاون سے مومنہ درید پروڈکشنز اور کشف فاوٴنڈیشن کی مشترکہ پیشکش ہے۔
نیا ڈرامہ سیریل ’اْڈاری‘ اپنے نام سے منفرد محسوس ہو رہا ہے۔ چینل انتظامیہ نے وی او اے کے نمائندے کو بتایا کہ سیریل ’اڈاری‘ کو مشہور ڈرامہ نگار فرحت اشتیاق نے تحریر کیا، جبکہ اس کی ہدایات دی ہیں ہدایت کار احتشام الدین نے۔
ڈرامے کے مرکزی کردار ادا کرنے والوں میں شامل ہیں سینئر ٹی وی ایکٹریس بشریٰ انصاری نے، جبکہ دیگر مشہور فنکاروں میں فرحان سعید ،عروہ حسین، احسن خان، سمیعہ ممتاز اور لیلیٰ زبیری۔
ڈرامے کی کاسٹ کو میڈیا کے نمائندوں سے ملوانے کے لئے چینل انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پروجیکٹ سے وابستہ افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شوٹنگ کے دوران اپنے تجربات شیئر کئے۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک انتہائی سنجیدہ معاشرتی مسئلے کو اس سیریل کے ذریعے عوام کے سامنے لانے کی کوشش کی ہے۔
ایم ڈی پروڈکشنز کی سی ای او مومنہ درید نے بتایا کہ اس سیریل کے موضوع کی وجہ سے کئی اداکاروں کو اپنے کردار چیلنج ثابت ہوئے۔
ایک حساس موضوع پر ڈرامہ بنانے کے فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کشف فاوٴنڈیشن کی بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر روشا نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل قصور میں پیش آنے والے واقعے نے اس سوچ کو جنم دیا کہ ایم ڈی پروڈکشنز کے ساتھ مل کر اس طرح کے مسائل کو سب کے سامنے لایا جائے۔
ڈرامہ سیریل کے ہدایت کار احتشام الدین نے بتایا کہ اس ڈرامے کو تحریر کرنا فرحت اشتیاق جیسی منجھی ہوئی ڈرامہ نگار کے لئے بھی آسان نہیں تھا، کیونکہ اس مشکل موضوع کو فلم بند بھی حقیقت کے انداز میں کرنا تھا اور اس کا اسکرپٹ بھی ایسا ہونا چاہئے تھا جو زندگی سے قریب ہو اور قابلِ یقین ہو۔
بشریٰ انصاری نے اپنے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی عورت کا کردار ادا کر ہی ہیں جو بہت پر اعتماد تو ہے مگر اس میں شہری نفاست نہیں ہے۔ یہی عورت پاکستان کے دیہی علاقوں کی صحیح عکاسی کرتی ہے۔
ہمیشہ کی طرح بشریٰ انصاری نے اپنے ہلکے پھلکے انداز میں میرپور خاص میں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات لطیفوں کی شکل میں سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔