رسائی کے لنکس

ون ڈے رینکنگ: بھارتی فاسٹ بالر محمد سراج کی پہلی پوزیشن، کوہلی کی تنزلی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے۔

بدھ کو آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بھارتی فاسٹ بالر محمد سراج نے آسٹریلوی پیسر جوش ہیزل وڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم بدستور سرِفہرست ہیں جب کہ بھارتی بیٹر وراٹ کوہلی کی درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے۔

بہترین بالرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد سراج نے تین سال کے وقفے کے بعد فروری 2022 میں ہی ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔

محمد سراج ٹیم میں واپسی کے بعد سے 20 میچز میں 37 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس کارکردگی کی بدولت سراج 729 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلوی بالر جوش ہیزل وڈ 727 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 708 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

محمد سراج کی اسی کارکردی کی بدولت منگل کو انہیں آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بھی بنایا گیا تھا۔

آئی سی سی ون ڈے بالرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک، افغانستان کے راشد خان بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کا 887 پوائنٹس کے ساتھ پہلا نمبر ہے۔ جنوبی افریقی بیٹرز ریسی وین ڈوسن 766 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کوانٹن ڈی کوک 759 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کا چوتھا جب کہ پاکستان کے امام الحق کا پانچواں نمبر ہے۔

بھارت کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی شبمان گل کی بیٹنگ پوزیشن میں دو درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ شبمان نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اپنے ون ڈے کریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلی تھی اور وہ 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے جب کہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG