رسائی کے لنکس

جونی ڈیپ کی نئی فلم 'کان فلم فیسٹیول' کی اوپننگ کے لیے منتخب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہالی وڈ اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ و اداکارہ ایمبر ہرڈ کی قانونی جنگ کے بعد اب اداکار کی نئی لائیو ایکشن فرینچ فلم 'جین ڈی باری' کو کان فلم فیسٹیول کی اوپننگ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔

فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق جونی ڈیپ کی فلم کا ورلڈ پریمیئر 16 مئی کو فرانس کے شہر کان میں ہوگا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جانی ڈیپ کی یہ فلم فرانسیسی زبان میں ہے جس میں اداکار بادشاہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ہدایت مئیون نے دی ہے جب کہ انہوں نے اس میں اداکاری بھی کی ہے۔

فلم 'جین ڈی باری' کی کہانی فرانسیسی بادشاہ لوئی 15 سے تعلق رکھنے والی خاتون'جین بکو' کی زندگی کے عروج و زوال کی داستان بیان کرتی ہے۔

یاد رہے کہ جونی ڈیپ جون 2022 کے عدالتی فیصلے کے بعد سے ٹی وی اور چند فلموں میں نظر آ چکے ہیں۔ وہ گزشتہ برس اگست میں ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز اور پاپ اسٹار ریانا کی برینڈ فینٹی کے فیشن شو میں نظر آئے تھے۔

وہ اپنے حق میں آنے والے 2022 کے عدالتی فیصلے کے بعد سے اپنے کریئر کو دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جونی ڈیپ پر ان کی سابق اہلیہ نے جسمانی اور ذہنی تشدد کا الزام عائد کیا تھا جسے انہوں نے مسترد کیا تھا۔

اس سے قبل نومبر 2020 میں لندن میں جاری رہنے والے اس مقدمے میں جونی ڈیپ کو شکست ہوئی تھی۔اس فیصلے کے بعد 'پائریٹس آف دی کیریبین' سمیت کئی فلمیں جونی ڈیپ کے ہاتھ سے چلی گئی تھیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں

XS
SM
MD
LG