امریکی ریاست میزوری میں بدھ کو علی الصبح بگولوں کی شکل میں آنے والے باد و گرد کے طوفان میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے۔ ملک کی وسط مغرب اور جنوب میں اسی طرح کے بگولوں اور ان علاقوں میں اولے پڑنے کے امکانات ہیں۔
میزوری میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے بولنگر کاؤنٹی کے علاقے میں، جو سینٹ لوئس سے 80 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے، آنے والے طوفان نے متعدد درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکا اور کئی گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ڈرون سے لی گئی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہنگامی امداد کا عملہ ٹارچوں کی مدد سے ملبے کا جائزہ لے رہا ہے۔
میزوری سٹیٹ ہائی کے سارجنٹ کلارک پیرٹ نے بتایا ہے کہ 20 سے زیادہ ادارے بگولوں کا شکار ہونے اور بچ جانے والے افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ اس قدر تباہی ہوئی ہے کہ راستوں میں گرے درختوں کو کاٹ کر متاثرہ گھروں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بولنگر کاونٹی کے شیرف کیسی گراہم نے اپنے فیس بک پیج پر بتایا ہے کہ طوفانی بگولے نے چھوٹی دیہی آبادیوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ جس علاقے میں شدید طوفانی بگولوں کا سامنا ہوا ہے وہ دو کاونٹیوں کے درمیان شکار کے لیے استعمال ہونے والا علاقہ ہے۔
کیسی گراہم نے مزید کہا کہ وہ ہلاک ہونے والوں کا نام بتانے سے گریز کر رہے ہیں تاکہ سب سے پہلے ان کے خاندانوں کو مطلع کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بطورشیرف میری توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ جن لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے، ان کو مدد پہنچائی جا سکے۔
طوفانی بگولوں کی وجہ سے امریکہ کے وسط مغرب اور جنوب میں واقع کئی علاقوں کے لیے بھی خطرات دیکھے جا رہے ہیں۔
ریاست آرکنسا میں کے ایف وی ایس ٹی وی کے مطابق لٹل راک کے علاقے میں ان بگولوں کی وجہ سے بدھ کو اسکول بند کر دیے گئے۔
وسطی الینائے میں حکام نے بتایا ہے کہ طوفانی بگولوں کی وجہ سے پانچ افراد زخمی ہو گئے اور تین سو کے قریب گھروں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کو مغربی شکاگو میں بھی لی کاونٹی میں تیز ہواؤں کے سبب ٹرالرز کے الٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ریاست آئیووا میں بھی طوفانی بگولے دیکھے گئے ہیں۔
(اس خبر کے لیے معلومات اے پی سے حاصل کی گئیں ہیں)