رسائی کے لنکس

ملیریے کے لیے نئی اور موثر دوا ۔۔۔


ماہرین کے مطابق یہ دوا زیادہ موثر ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ دواؤں کی لاگت سے کم لاگت میں تیار کی جا سکے گی۔

امریکی تحقیق دانوں نے ملیریے کے مرض سے تیزی سے اثر کرنے والی دوا تیار کر لی ہے۔ ان کے مطابق ملیریے کے لیے موجودہ دواؤں میں ملیریے کے بنیادی ماخذ Plasmodium سے لڑنے کی اس طرح سکت نہیں جس طرح کہ انہیں لڑنا چاہیئے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ نئی دوا ملیریے کے خاتمے کے ضمن میں ٹھوس دوا ثابت ہو گی اور دنیا بھر میں ہر سال ہزاروں جانیں لینے والے ملیریے سے لڑنے میں مددگار بھی ثابت ہوگی۔

امریکہ کی اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی سے منسلک مائیکل رسکو کا کہنا ہے کہ اس نئی دوا کا نام ELQ 300 ہے۔ ان کے الفاظ، ’’اس تحقیق سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ملیریا پیدا کرنے والا ’پیراسائیٹ‘ انسانی جسم میں جا کر اپنی تعداد تیزی سے بڑھا سکتا ہے اور ملیریے کے حوالے سے مارکیٹ میں موجود دواؤں کے خلاف بآسانی مدافعت پیدا کر سکتا ہے۔ لیکن اس نئی دوا کے تجربے سے یہ امر سامنے آیا کہ یہ دوا اس عمل کو بہت جلدی تقریبا دس منٹ میں ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘‘

مائیکل رسکو کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت اچھی خبر ہے اور ملیرے کے لیے یہ نئی دوا دیگر دواؤں کی نسبت زیادہ افادیت رکھنے والے ہے۔ ان کے مطابق، ’’ ملیریہ کے لیے اس وقت مارکیٹ میں موجود دواؤں سے تیس گنا زیادہ موثر ہے۔‘‘

ماہرین کے مطابق یہ دوا زیادہ موثر ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ دواؤں کی لاگت سے کم لاگت میں تیار کی جا سکے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دوا دیگر دواؤں کے ساتھ ملیرے کے خاتمے کے لیے استعمال کرنا ممکن ہوگا اور اس کی محض ایک خوراک ہی ملیریے کے خاتمے میں مدد دے سکے گی۔

لیبارٹری میں چوہوں پر اس دوا کے کامیاب تجربات کے بعد اب یہ دوا انسانوں پر آزمائی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG