رسائی کے لنکس

کراچی: سال کا پہلا پولیو کیس، سندھ بھر میں تعداد 5 ہوگئی


فائل
فائل

کراچی میں یہ 2015ء کا پہلا کیس ہے۔ شہر کے علاقے گلبرگ ٹاون کی رہائشی 18 ماہ کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی موجودگی تصدیق ہوچکی ہے۔ متاثرہ بچی کا تعلق وزیرستان کے محسود قبیلے سے بتایا جا رہا ہے۔ رواں برس اب تک سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 5 جبکہ ملک بھر میں 38 کیسز سامنےآ چکے ہیں

کراچی شہر میں پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، جہاں گلبرگ کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

جمعرات کے روز کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن میں پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آنے کے بعد، رواں برس صوبہ سندھ میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، گلبرگ ٹاؤن کی یونین کونسل آٹھ کی ایک 18 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس سامنے آیا ہے، جس کی تصدیق ہونے والے ٹیسٹ سے کی گئی ہے۔

’وائس آف امریکہ‘ کی نمائندہ سے بات کرتے ہوئے، گلبرگ ٹاؤن کی ہیلتھ آفیسر شہناز نے بتایا کہ ’10 دن پہلے یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس بچی کی معذوری کی وجہ پولیو ہو سکتی ہے، جسکے بعد نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے۔ جمعرات کو ٹیسٹ رپورٹ وصول ہوئی، جس میں بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘

اُنھوں نے کہا کہ متاثرہ بچی کا تعلق وزیرستان کے محسود قبیلے سے بتایا جا رہا ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ سے اس سے قبل چار کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں دو کیس دادو شہر، ایک سکھر اور ایک قمبر شہر سے سامنے آِیا تھا۔

کراچی سے نیا پولیو کیس سامنے آنے کے بعد، رواں سال سندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 5 جبکہ ملک بھر کے مختلف حصوں یہ تعداد 38 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ان دنوں انسداد پولیو مہم کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

پولیو رضاکار گھر گھر جاکر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو وائرس سے بچاو کے قطرے پلا رہے ہیں۔ شہر میں ایک طرف انسداد پولیو مہم کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے، وہیں دوسری جانب، شہر سے نیا کیس سامنے آنا اعلیٰ حکام کے لئے باعث تشویش ہے۔

XS
SM
MD
LG