رسائی کے لنکس

شمالی کوریا پر اقتصادی پابندیاں غیر مؤثر ہو رہی ہیں، اقوام متحدہ


شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن۔ فائل فوٹو
شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن۔ فائل فوٹو

اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا اس بات کی بھرپور کوشش کر رہا ہے کہ اُس کی جوہری تنصیبات اور جوہری میزائلوں کو فوجی حملوں کے ذریعے تباہ نہ کیا جا سکے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی رات اپنے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ اُن کے روابط کے باعث جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں زبردست پیش رفت ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا میں قیام امن کی کوششیں آگے بڑھی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن سے اُن کی دوسری سربراہ ملاقات 27-28 فروری کو ویت نام میں ہو گی۔

جنوبی کوریا کے صدراتی دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان میں مجوزہ سربراہ ملاقات کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریائی صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان اس تاریخ ساز سربراہ ملاقات کے لئے ویت نام بہترین مقام ہو گا۔

نیوز ایجنسی روئیٹرز کی اس متنازعہ رپورٹ میں اس بات کی شہادتیں پیش کی گئی ہیں کہ شمالی کوریا ہوائی اڈوں سمیت شہری تنصیبات کو جوہری میزائلوں کی تیاری اور اُن کی جانچ کے لئے استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ اُنہیں فوجی حملوں کے ذریعے تباہ کرنے کے لئے ہدف نہ بنایا جا سکے۔

317 صفحات پر مبنی اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات اور کوئلہ مسلسل ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں منتقل کر رہا ہے اور یوں یہ پابندیاں غیر مؤثر ہو گئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے نگرانوں نے رپورٹ میں 57 لاکھ ڈالر مالیت کے ایک پیٹرولیم سودے کی بھی نشاندہی کی جو اقتصادی پابندی کے برخلاف کیا گیا۔

رپورٹ میں شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی طرف سے ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شمالی کوریا نے مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں مختلف مسلح گروپوں اور حکومتوں کو فوجی ساز و سامان فروخت کیا۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا نے لیبیا، سوڈان اور یمن کے حوثی باغیوں کو ہلکے ہتھیار فروخت کئے۔

اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ شمالی کوریا کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیفن بیجن کی اپنے شمالی کوریائی ہم منصب کے ساتھ دونوں ملکوں کی دوسری سربراہ ملاقات کی تیاری سے متعلق بات چیت سے پہلے سامنے آئی ہے۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG