رسائی کے لنکس

نیا سال: لندن میں خوش آمدید کی تیاریاں زوروں پر


نیا سال: لندن میں خوش آمدید کی تیاریاں زوروں پر
نیا سال: لندن میں خوش آمدید کی تیاریاں زوروں پر

دنیا بھر کی طرح، برطانیہ میں بھی اب سے چند گھنٹے بعد نئے عسیوی سال 2012 کے استقبال کے لیے ہونے والی تقریبات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

دارالحکومت لندن سمیت برطانیہ کے بڑے شہروں برمنگھم، مانچیسٹر، گلاسگو اور ایڈمبرا میں کھلے آسمان تلے لاکھوں افراد نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔

لندن میں ہر سال کی طرح اِس بار بھی نئے سال کی سب سے بڑی تقریب ’لندن آئی‘ پر منعقد کی جائے گی، جِس میں یورپ اور برطانیہ سے آنے والے ہزاروں سیاحوں سمیت تین لاکھ افراد آتش بازی کا مظاہرہ دیکھیں گے۔

مرکزی لندن کے ٹریفلگر اسکوائر میں نئے سال کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ موسیقی کی محفلوں کے آغاز سمیت سینکڑوں نوجوان مرکزی لندن میں کھلے آسمان تلے ابھی سے رقص میں مصروف ہیں۔

لندن کے میئر بورس جانسن نے نئے سال کو برطانوی عوام کے لیے یادگار بنانے کے لیے بسوں اور ٹرینوں میں ہر عام و خاص کے لیے مفت سفر کا اعلان کیا ہے، جب کہ کسی بھی ناخوش گوار واقع سے نمٹنے کے لیے ہزاروں پولیس اہل کار مرکزی لندن میں تعینات کرنے کے ساتھ دارالحکومت کی ایئر پیٹرولنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

اوپن ایئر تقریبات کے ساتھ گھروں میں بھی نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے خصوصی ہاؤس پارٹیوں اور موسیقی کی محفلوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جب کہ مرکزی لندن کے کیتھڈرل سمیت برطانیہ بھر کے گِرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔

برطانیہ میں سال 2012ء بڑے تہواروں کا سال ہوگا، جِس میں ملکہٴ الزبیتھ کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقاریب اور اولمپکس مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG