نیوزی لینڈ نے پاکستان کو کراچی ٹیسٹ جیتنے کے لیے 319 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
جمعرات کو نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز پر ڈیکلیئر کر دی۔ مچل بریسویل 74 اور ڈیرل مچل چار رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ کیویز کپتان ٹم ساؤتھی نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔
پاکستان نے چوتھے روز کھیل کے اختتامی لمحات میں بغیر کوئی رنز بنائے دو وکٹیں گنوا دیں۔ اُنہیں ٹم ساؤتھی نے اپنے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر بولڈ کر دیا جب کہ میر حمزہ کو اش سودھی نے بولڈ کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں ٹام بلنڈل نے 74، ٹام لیتھم نے 62، کین ولیمسن 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، میر حمزہ، ابرار احمد، آغا سلمان اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن میچ کھیلا جا رہا ہے۔پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد مہمان ٹیم کو 41 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔
جمعرات کو چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز سے اپنی نامکمل اننگز آگے بڑھائی۔
پاکستانی بلے باز مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کا ہی اضافہ کر سکے تھے کہ کیویز اسپنر ایش سودھی نے ابرار احمد کو آؤٹ کر کے پاکستان کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
ابرار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ سعود شکیل 125 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی اور اعجاز پٹیل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ کپتان ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیئرل مچل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کانوے کی شاندار 122 رنز کی اننگز کی بدولت 449 رنز بنائے تھے۔ لیکن دوسری اننگز شروع ہوتے ہی ڈیوڈ کانوے فاسٹ بالر امیر حمزہ کی ایک شاندار گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔