نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان کو 70 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک ، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔
پیر کو ولنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے نمایاں بلے باز نکولز نے سات چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے جب کہ سینٹنر 48 اور ہنری 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے عامر اور انور نے تین، تین اور عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم ابتدا ہی سے بری طرح ناکام نظر آئی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی چلی گئیں۔ بابر اعظم 62 رنز جب کہ محمد حفیظ 42 رنز کے ساتھ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بولٹ نے چار، ایلیوٹ نے تین، اینڈریسن، ولیمسن اور سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نکولز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 28 جنوری کو نیوزی لینڈ کے شہر نیپیئر میں کھیلا جائے گا۔