نائجیریا کے حکام کا کہنا ہے کہ نائجیریائی مسافر بردار طیارہ گِرنے کے واقعے میں تمام کے تمام 153مسافر ہلاک ہوگئے ہیں، جب یہ طیارہ لاگوس کی ایک عمارت سے جا لگا۔
صدر گُڈلک جوناتھن نے ہلاک شدگان کے لیے سہ روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کرتے ہوئے حادثے کی تفصیلی تفتیش کےاحکامات جاری کیے ہیں۔
نائجیریا کے شہری ہوابازی کے ادارے نے بتایا ہے کہ ’دانا‘ ایرلائنز کی اِس پرواز نےاتوار کو ابوجا سے لاگوس کے لیے اُڑان بھری تھی، جب یہ ایک گنجان آباد رہائشی علاقے میں ایک دو منزلہ عمارت سے ٹکرایا، جس کے باعث ساتھ والی دیگر عمارتوں کو آگ لگ گئی۔
حادثے میں 153افراد ہلاک ہوئے۔ یہ واضح نہیں آیا واقع کےباعث رہائشی علاقے کا کوئی شخص بھی ہلاک ہوا۔
دانا ایرلائنز ایک ملکی مسافر بردار ادارہ ہے جو ابوجا سے لاگوس کے لیے ایک گھنٹے کی بوئنگ ایم ڈی 83طیارے کی پروازیں چلاتا ہے۔