رسائی کے لنکس

نائیجیریا میں اغوا کے بعد اسکول کی سیکڑوں طالبات لاپتا


نائیجیریا کے ایک اسکول سے طالبات کے اغوا کے بعد کلاس روم میں لڑکیوں کے جوتے بکھرے پڑے ہیں۔ 6 جون 2020
نائیجیریا کے ایک اسکول سے طالبات کے اغوا کے بعد کلاس روم میں لڑکیوں کے جوتے بکھرے پڑے ہیں۔ 6 جون 2020

شمال مغربی نائیجیریا کے علاقے زمفارا میں ایک اسکول ہوسٹل پر مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے مبینہ طور پر دھاوا بولنے کے بعد سے سیکڑوں طالبات لاپتا ہیں۔ اس علاقے میں ایک ہفتے کے دوران اتنے بڑے پیمانے پر یہ اغوا کا دوسرا واقعہ ہے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زمفارا پولیس کمانڈ نے فوج کے ساتھ مل کر گورنمنٹ سائنس سیکنڈری اسکول کی 317 طالبات کی تلاش کے لیے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا ہے۔

نائیجیریا کے شمال مغرب میں حالیہ برسوں میں بھاری اسلحے سے لیس جرائم پیشہ گروپ، تواتر سے ایسی وارداتیں کر رہے ہیں۔ ان وارداتوں کا مقصد اغوا برائے تاوان، لوٹ مار اور جنسی زیادتی ہوتا ہے۔

خبر رساں ادارے فرانس 24 کے مطابق، نام نہ بتانے کی شرط پر بعض حکام کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان کی ایسی وارداتوں میں اضافے کی ایک وجہ، ماضی میں بچوں کی بازیابی کیلئے حکومت کی جانب سے تاوان کی مد میں بڑی رقوم دینے سے ہوا ہے۔ حکومت تاوان دینے کے الزامات سے انکار کرتی ہے۔

زمفارا کے انفارمیشن کمیشنر سلیمان تناُؤ انکَا، نے بتایا کہ مسلح افراد رات گئے واردات کے دوران علاقے میں فائرنگ کرتے ہوئے آئے۔ ان کے بقول جو معلومات انہیں ملی ہیں، اِن کے مطابق ڈاکو گاڑیوں میں آئے اور ان میں طالبات کو بٹھا کر لے گئے۔ بقول ان کے ڈاکو کچھ طالبات کو پیدل بھی لے کر گئے ہیں۔

اس سے پہلے اسکولوں پر ایسی وارداتیں اسلامی شدت پسند تنظیم بوکو حرام اور داعش کا مغربی افریقہ کا گروپ کرتا تھا۔ مگر اب یہ طریقہ کار نائیجیریا کے شمال مغرب میں مسلح گروہوں نے اپنا لیا ہے۔

نائجیریا کے ایک سکول کی اغوا ہونے والی طالبات بازیاب ہونے کے بعد صدر سے ملاقات کی منتظر۔ 23 مارچ 2018
نائجیریا کے ایک سکول کی اغوا ہونے والی طالبات بازیاب ہونے کے بعد صدر سے ملاقات کی منتظر۔ 23 مارچ 2018

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے طالبات کے والدین میں سے ایک نے بتایا کہ انہیں اس واقعہ کی اطلاع فون پر ملی۔

سعدی کوانے کے مطابق ’’میں جنابے کی طرف جا رہا تھا کہ مجھے کال ملی کہ ڈاکوؤں نے اسکول پر حملہ کر دیا ہے اور طالبات کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ میری دو بیٹیاں اس اسکول میں پڑھتی ہیں۔‘‘

گزشتہ ہفتے نائیجیر کی شمال وسطی ریاست میں ایک حملے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بورڈنگ اسکول پر حملے میں ایک طالب علم کو قتل کر دیا اور 27 طلبا کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ یہ بچے ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکے۔

پچھلے برس دسمبر میں نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری کی آبائی ریاست کاٹسینا کے دورے کے دوران علاقے کنکارا میں ایک اسکول کے 3 سو طلبا کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

یہ لڑکے بعد میں مذاکرات کے ذریعے بازیاب کروا لیے گئے تھے لیکن اس واقعے پر عالمی سطح پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG