رسائی کے لنکس

نائجیریا: 200 طالبات کے اغوا کو ایک سال مکمل


طالبات کی بازیابی کے لیے کیا جانے والا ایک مظاہرہ
طالبات کی بازیابی کے لیے کیا جانے والا ایک مظاہرہ

نومنتخب صدر نے کہا ہے کہ وہ جس دن اقتدار سنبھالیں گے "اس دن بوکو حرام کے جنگجووں کو نائجیرین عوام کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا"۔

نائجیریا کے نومنتخب صدر محمد بخاری نے کہا ہے کہ وہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے ہاتھوں ایک سال قبل اغوا ہونے والی 219 طالبات کی بازیابی کا وعدہ نہیں کرسکتے۔

منگل کو طالبات کے اغوا کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں محمد بخاری نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ آیا حکام چیبوک نامی قصبے سے اغوا ہونے والی طالبات کا کبھی سراغ لگا پائیں گے یا نہیں۔

محمد بخاری گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے اور وہ آئندہ ماہ ملک کی صدارت سنبھالیں گے۔

بخاری اپنے حریف صدر گڈ لک جوناتھن کی حکومت کی مغوی طالبات کی بازیابی کی کوششوں پر کڑی تنقید کرتے رہے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے بعد "معاملے پر مختلف لائحہ عمل اختیار کریں گے"۔

منگل کو اپنے بیان میں نومنتخب صدر نے کہا ہے کہ وہ جس دن اقتدار سنبھالیں گے "اس دن بوکو حرام کے جنگجووں کو نائجیرین عوام کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا"۔

منگل کو طالبات کے اغوا کا ایک سال مکمل ہونے پر نائجیریا اور دنیا کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' کے مطابق 2014ء کے آغاز سے اب تک بوکو حرام کے جنگجو نائجیریا میں کم از کم دو ہزار خواتین کو اغوا کرچکے ہیں جن میں سے کئی کو جنسی غلامی پر مجبور کیا جارہا ہے۔

'ایمنسٹی' نے منگل کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 'بوکو حرام' اپنے زیرِ قبضہ علاقوں میں مردوں اور عورتوں کے ساتھ بدترین سلوک کر تی رہی ہے۔

دو سو سے زائد عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تیار کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014ء کے آغاز سے اب تک شمال مشرقی نائجیریا میں بوکو حرام کے حملوں اور کارروائیوں میں پانچ ہزار سے زائد عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شدت پسند تنظیم اپنے زیرِ قبضہ علاقوں میں مردوں اور نوجوانوں سے جبری مشقت لے رہی ہے جب کہ بعض مقامات پر اغوا کی جانے والی خواتین کو بھی جنگجووں کے ساتھ زبردستی شادی کرنے یا ان کے ساتھ مل کر لڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے بچوں سے متعلق فنڈ 'یو این سی ایف' کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے تشدد کے باعث اب تک نائجیریا میں 15 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جن کی نصف سے زائد تعداد بچوں پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG