رسائی کے لنکس

مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا پکانے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش


ہیلدا باسی نے ہر گھنٹے کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ کیا۔
ہیلدا باسی نے ہر گھنٹے کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ کیا۔

نائیجیریا کے شہر لاگوس میں 27 سالہ ہیلداباسی کچن میں کھڑی مختلف پکوان بنانے میں مصروف تھیں جب کہ سامنے شیشے کے اس پار لوگوں کی بڑی تعداد ان کی سرگرمیوں کو دیکھ رہی تھی۔

کئی افراد ہیلدا باسی کی تصاویر بنا رہے تھے جب کہ متعدد لوگ ہاتھوں میں موبائل تھامے ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ہیلدا باسی مخصوص لباس میں ملبوس سر پرنیلے رنگ کی ٹوپی پہنے ہوئے ایسے کھانا بنا رہی تھیں جیسے ان کے ارد گرد کوئی موجود ہی نہ ہو۔ انہوں نے یہ کام مسلسل 100 گھنٹوں یعنی چار دن سے زائد تک انجام دیا۔

وہ جمعرات کی شام پونے چھ بجے کچن میں داخل ہوئی تھیں اور پیر تک مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کے ساتھ وہاں سے باہر نکلیں۔

قبل ازیں بھارت کی شیف لتا ٹنڈن کے پاس یہ ریکارڈ تھا جنہوں نے 2019 میں مسلسل 87 گھنٹوں اور 45 منٹ تک کھانا پکایا تھا اور اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا تھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ ان تک یہ معلومات پہنچ چکی ہیں کہ ایک شیف نے طویل وقت کھانا پکانے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی ہے۔ البتہ وہ تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد اس ریکارڈ کے گینز بک میں اندراج کا اعلان کیا جائے گا۔

ہیلدا باسی نے جس جگہ کچن میں مسلسل کھانا بنانے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی ہے یہ لاگوس کا تجارتی مرکز ہے۔ ان کی ریکارڈ بنانے کی کوشش ملکی سطح پر زیرِ بحث رہی اور لوگ ان کو کچن میں کھانا بناتے ہوئے دیکھنے کے لیے باہر جمع ہوتے رہے۔

اپنی اس کوشش کے حوالے سے ہیلدا باسی کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ دنیا کو دکھا سکیں کہ نائیجیریا کے نوجوان کس قدر محنتی اور پرعزم ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کوشش کا مقصد افریقہ کی نوجوان خواتین کے لیے مہم چلانا بھی ہے جن کو معاشرے میں نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

ہیلدا باسی نے چار دن کے دوران نائیجیریا کے کئی مشہور کھانے بنائے جن میں کئی سوپ بھی شامل تھے۔ انہوں نے مغربی افریقہ کے ممالک میں چاول کی انتہائی مشہور ڈش ’جولوف رائس‘ بھی پکائی۔

وہ ہر ایک گھنٹے کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ لیتی تھیں جب کہ ہر 12 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کا بریک لے کر اس میں اپنی ضروریات پوری کرتی تھیں جن میں نہانا، میڈیکل چیک اپ اور تھوڑا سا آرام شامل تھا۔

ان کو یہ ریکارڈ بناتے ہوئے دیکھنے کے لیے کئی مقامی مشہور شخصیات بھی آئیں جب کہ اس دوران لاکھوں لوگوں نے آن لائن اسٹریمنگ سائٹس پر ان کو دیکھا۔

جب ان کا کچن میں کھانا بنانے کا وقت سابقہ ریکارڈ سے آگے بڑھا تو ملک کے صدر نے بھی ان کے لیے ٹوئٹ کیا۔

نائجیریا کے صدر محمد بخاری کا کہنا تھا کہ یہ نائیجیریا کے لیے ایک بہترین دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلدا باسی کی مہم، خواہش اور بہادری نے نائیجیریا کے کھانوں میں لوگوں کی دلچسپی کو بڑھایا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ہیلدا باسی نے ابتدائی طور پر 96 گھنٹے تک کھانا پکانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کے کچن کے باہر موجود رش اور جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اس کا وقت مزید چار گھنٹے بڑھا دیا تھا۔

ان کے اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے متعدد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے جس سے نا صرف ان کے کچن کو مانیٹر کیا جا رہا تھا بلکہ چینلز پر بھی اس کی ویڈیوز چلائی جا رہی تھیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG