رسائی کے لنکس

9/11 کا نشانہ بننے والے شخص کی 16 سال بعد شناخت


ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاورز سے دہشت گرد حملوں کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے
ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاورز سے دہشت گرد حملوں کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے

نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 11 ستمبر 2001کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی باقيات کو 16 سال کے بعد شناخت کر لیا گیا ہے۔

پیر کے روز سٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ شناخت کیے جانے والے شخص کا نام اس کے خاندان کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا جا رہا۔

نیویارک کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے مارچ 2015 کے بعد یہ پہلی شناخت کا اعلان ہے۔

حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے 1641 افراد کو شناخت کیا جا چکا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاوروں سے مسافر طیاروں کے ٹکرانے کے بعد آتش زدگی اور ان کے گرنے سے ہلاک ہونے والوں میں سے 40 فی صد افراد کی شناخت کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس سال کے شروع میں ڈی این اے کی زیادہ ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس تازہ ترین شناخت میں مدد ملی ہے۔ اس سے قبل ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج نہیں نکل سکے تھے۔

ٹریڈ سینٹر منہدم ہونے کے بعد گراؤنڈ زیرو سے تقریباً 22 ہزار انسانی باقيات کے نمونے حاصل کیے گئے تھے۔ اور انہیں متعلقہ خاندانوں کے حوالے کرنے کے لیے 2001 سے شناخت سے سلسلے میں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

گیارہ ستمبر 2001 کو نیویارک، پینٹاگان اور پنسلوانیا میں مسافر طیاروں کے ذریعے حملوں میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG