روشنیوں کا شہر کہلانے والے امریکی شہر نیویارک میں پیرس کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی چوٹی کو فرانسیسی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا جا رہا ہے۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے جمعے کو کہا کہ ’’فرانس کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج اور آنے والے دنوں میں نیویارک کے ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو نیلے، سفید اور سرخ رنگوں سے روشن کیا جائے گا۔‘‘
امریکہ کی سب سے بلند عمارت ورلڈ ٹریڈ سینٹر اس جگہ تعمیر کی گئی ہے جہاں 11 ستمبر 2001 کو دہشت گرد حملہ کیا گیا تھا۔
پیرس میں جمعہ کو ہونے والا حملہ 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد کسی مغربی ملک میں ہونے والا سب سے مہلک حملہ ہے۔ اس سے 10 ماہ قبل پیرس میں ایک فکاہیہ جریدے ’شارلی ایبڈو‘ کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔
پیرس پر حملوں کے بعد امریکہ نے بھی اپنے شہروں کی سکیورٹی میں اضافہ کیا ہے۔ نیویارک اور واشنگٹن دونوں میں حفظ ما تقدم کے طور پر اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی۔