رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا بحیرہ پیسیفک میں راکٹ تجربہ ناکام


جاپانی وزیر دفاع ناؤکی تناکا نےبتایا ہے کہ لگتا یوں ہے کہ راکٹ خلا میں تقریباً 120کلومیٹر تک اُڑنے کے بعد چار ٹکڑے ہوگیا جو زرد سمندر میں جا گرے۔

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، امریکہ کے انتباہ اور دیگر اقوام کی طرف سے نتائج بھگتنے کی دھمکی کے باوجود جمعے کے دِن علی الصبح تین مرحلوں پر مشتمل راکٹ کا تجربہ کیا۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ تجربہ ناکام رہا۔

پیانگ یانگ نے کہا ہے کہ راکٹ کا مقصد مدارمیں سیٹلائٹ روانہ کرنا تھا۔ تاہم، امریکہ اور اُس کے ایشیائی اتحادیوں، جنوبی کوریا اورجاپان کو شبہ ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے یہ تجربہ محض بیلسٹک میزائل صلاحیتیں جانچنے کا ایک بہانہ ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شمالی کوریا کی صورتِ حال اور جمعے کے روز کے دیدہ دلیری کے مظاہرے کا ممکنہ جواب دینے کے معاملے پرغور کرے گی۔

اِس سے قبل، آٹھ سرکردہ صنعتی ملکوں نے پیانگ یانگ سے راکٹ کا تجربہ منسوخ کرنے کو کہا تھا۔ واشنگٹن میں ہونے والے اپنے اجلاس میں گروپ نے ایک سخت بیان جاری کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے متنبہ کیا تھا کہ اگر شمالی کوریا راکٹ کا تجربہ کرتا ہے تو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اُس کے خلاف مزید اقدام کرے گی، جس کے بارے میں عام خیال یہی ہے کہ یہ دراصل بیلسٹک میزائل کا تجربہ ہے۔

واشنگٹن میں ’آٹھ کے گروپ‘ سے تعلق رکھنے والےممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اجلاس کے بعد ہیلری کلنٹن نےمزید کہا کہ شمالی کوریا تنہائی اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ قریبی تعلقات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی شمالی کوریا پرزوردیا تھا کہ بین الاقوامی برادری کے مطالبے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راکٹ داغنے کے اپنےمجوزہ پروگرام کو منسوخ کرے۔

مسٹر بان نے یہ تقریر جمعرات کے دِن جنیوا میں کی، ایسے وقت میں جب شمالی کوریا کے انجنیئروں نے راکٹ کا تجربہ کرنے کی تیاری مکمل کرلی تھی، جس کے بارے میں پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سےایک موسمیاتی سیٹلائٹ خلا میں بھیجا جائے گا۔ مغربی اقوام اور خطے کے ہمسایہ ممالک الزام لگاتے ہیں کہ شمالی کوریا اِس کی آڑ میں بیلسٹک میزائل کا ایک تجربہ کرنا چاہتا ہے، جس کے اندر بعد میں جوہری ہتھیار نصب کیے جاسکیں گے۔

جاپانی وزیردفاع ناؤکی تناکا نےبتایا ہے کہ لگتا یوں ہے کہ راکٹ خلا میں تقریباً 120کلومیٹرکی اُڑان بھرنے کے بعد چار ٹکڑے ہوگیا، جو زرد سمندر میں جا گرے۔

اُن کے بقول، ہمیں اطلاع ملی ہے کہ کسی طرح کی ایک چیز داغی گئی تھی۔ معلوم یہ ہوا کہ ایک منٹ تک اُڑان بھرنے کے بعد یہ سمندر میں جاگری۔ ہمارے علاقے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ تجربہ ناکام رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG