رسائی کے لنکس

کِم جونگ اہم تقریب میں بھی منظر عام پر نہیں آئے


کم جون اُن (فائل فوٹو)
کم جون اُن (فائل فوٹو)

اپنے رہنما کی سرگرمیوں سے متعلق خبر دینے والے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر بھی نہایت محتاط انداز میں صرف اتنا کہا گیا کہ کم "تکلیف" کا شکار ہیں۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن جمعہ کو ہونے والی اہم ترین تقریب میں بھی نظر نہیں آئے جس سے ان کی صحت اور سیاست سے متعلق بے یقینی مزید بڑھ گئی ہے۔

31 سالہ کم کو 3 ستمبر کو آخری بار منظر عام پر دیکھا گیا تھا۔

تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اپنے رہنما کی سرگرمیوں سے متعلق خبر دینے والے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر بھی نہایت محتاط انداز میں صرف اتنا کہا گیا کہ کم "تکلیف" کا شکار ہیں۔

جمعہ کو حکمران جماعت کا 69 یوم تاسیس منایا جا رہا ہے اور عموماً اس موقع پر تمام اہم حکومتی شخصیات اور سرکاری عہدیدار اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔

گزشتہ دو سالوں سے کم اس موقع پر نصب شب کو اپنے والد کم جون ال اور دادا کم ال سنگ کی یادگار پر جاتے رہے ہیں۔

لیکن اس بار یادگار پر آنے والی شخصیات میں کم کا نام نہیں تھا۔ سرکاری طور پر جاری ہونے والی فہرست میں بتایا گیا کہ کم کی طرف سے پھولوں کی ایک ٹوکری یہاں لائی گئی۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے جمعہ کو اس بات پر زور دے کر کہا کہ بظاہر کم اب بھی "معمول کے مطابق حکومت" کر رہے ہیں۔

وزارت یونیفیکیشن کے ترجمان لم بیونگ کیول کا کہنا تھا کہ سیول کے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں جس سے ان کی صحت کے بارے میں کسی قسم کی تصدیق کی جاسکے۔

ادھر خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' نے شمالی کوریا کی حکومت سے رابطہ رکھنے والے ایک ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم بدستور اقتدار میں ہیں لیکن ان کی ٹانگ حالیہ فوجی مشقوں کے دوران زخمی ہوگئی تھی۔

"کم نے تمام جنرلز کو حکم دیا تھا کہ وہ بھی ان مشقوں میں حصہ لیں اور وہ سب زمین پر رینگ رہے تھے دوڑ بھاگ رہے تھے۔۔۔ان کے ٹخنے پر زخم آیا وہ (کم) چونکہ فربہ ہیں وہ لنگڑا کر چلتے رہے لیکن تکلیف زیادہ شدید ہو گئی۔"

ذرائع کا کہنا تھا کہ کم کو مکمل صحتیاب ہونے میں ایک سو دن لگ سکتے ہیں۔ ذرائع کی اس معلومات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG