رسائی کے لنکس

سندھ کے 10ہزار اسکولوں میں بیت الخلا موجود نہیں


نند کمار کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں اس وقت سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چھیالیس ہزار انتالیس اسکول ہیں ان میں سے دس ہزار اسکولز پانی اور صحت وصفائی کی سہولتوں سے محروم ہیں۔

کراچی ...سندھ کی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے راہنما نند کمار نے کہا ہے کہ وہ سندھ کے اسکولوں میں بیت الخلا کی عدم موجودگی سے متعلق صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا پیش کریں گے۔

نند کمار کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں اس وقت سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چھیالیس ہزار انتالیس اسکول ہیں ان میں سے دس ہزار اسکولز پانی اور صحت وصفائی کی سہولتوں سے محروم ہیں۔

نند کمار کا الزام ہے کہ حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔ صحت وصفائی سے محروم اسکولوں کی تعداد دس ہزار نہیں ، بلکہ بیس ہزارہے۔

سندھ کے وزیرتعلیم نثارکھوڑونے اعلان کیا تھا کہ حکومت جون 2015 تک تین سو اسکولوں میں ٹوائلٹس تعمیر کروائے گی تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

ایک غیر سرکاری تنظیم ’الف اعلان‘ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سرکاری اسکولوں کے انفرا اسٹرکچر کی بنیاد پر کی جانے والی صوبائی رینکنگ گزشتہ سال سے تبدیل نہیں ہوئی۔ رپورٹ میں سندھ کو پانی اور صحت وصفائی کے فقدان کے باعث 51میں سے 46اسکوردیا گیا ہے۔

سندھ پرائمری ٹیچرز ایسویسی ایشن کے راہنما لیاقت دیدارکا کہنا ہے کہ سندھ میں ایسے سیکڑوں اسکولز ہیں جن میں ٹوائلٹس تو ہیں لیکن پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ استعمال نہیں ہوپاتے۔

دیہی علاقوں کے اکثر طالب علموں کو فطری ضرورت پوری کرنے کے لیے اسکولوں کے نزدیک جنگلات یا کھلے علاقوں میں جانا پڑتا ہے جو صحت اور ماحول دونوں کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔

عوامی جمہوری پارٹی کے لیڈر حریف چانڈیوکے بقول ’دنیا بھرمیں نت نئی ایجادات پرکام ہورہا ہے اور سندھ کے لوگ آج بھی بنیادی سہولتوں اورحقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔‘

انگریزی اخبار ’ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ میںصوبائی محکمہ تعلیمی کے حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں ٹوائلٹ کی تعمیر کے لئے ورلڈ بینک سے معاہدہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈھرکہتے ہیں کہ ’’ اس منصوبے پر دو ارب روپے سے کام شروع کیا جائے گا اورسال کے آخر تک بہت سے اسکولوں میں ٹوائلٹ تعمیرکردئیے جائیں گے۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’صوبے کے تمام اسکولوں کی فہرست بنا کر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تمام اسکولوں میں بیت الخلا تعمیر کئے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG