رسائی کے لنکس

نورمین وسڈم ،سب کو ہنسانے والا رلاکر چلا گیا


نورمین وسڈم ،سب کو ہنسانے والا رلاکر چلا گیا
نورمین وسڈم ،سب کو ہنسانے والا رلاکر چلا گیا

موت کے بے رحم پنجے ایسے ہی ہیں۔۔وہ کسی کو نہیں چھوڑتے۔ نورمین وسڈم بھی ان پنجوں سے نہ بچ سکے اور وہ جو سب کو ہنسایا کرتا تھا اچانک سب کو روتا چھوڑ کر چلا گیا۔

وسڈم برطانیہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ بے شمار فلموں میں وسڈم نے مزاحیہ کردار اداکئے اور بلاخر آج لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وسڈم کی عمر 95 برس تھی۔ وہ طویل عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

نورمین وسڈم دوسری جنگ عظیم کے بعد برطانوی فلموں میں جاندار مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے بہت جلد مقبول ہوئے۔ برطانوی عوام کی بڑی تعداد ان کی فلموں کو نہایت دلچسپی سے دیکھتی رہی ہے۔ ہالی ووڈ کے مشہور زمانہ مزاحیہ اداکار چارلی چپلن نورمین وسڈم کے نہ صرف آئیڈیل تھے بلکہ غیر اختیاری طور پر وہ ان سے بے حد متاثر بھی تھے۔

نورمین کی آخری رسومات میں برطانوی فلمی صنعت سے وابستہ نامور فنکاروں اور ہنرمندوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی اور ان کی خدمات پرشاندار خراج تحسین پیش کیا۔

وسڈم زندگی بھر ایک ایسے آدمی کا رول کرتے رہے جو کم عقل تھا ۔ دراصل اس کردار کی کم عقلی ہی مزاح کاباعث ہوا کرتی تھی۔ وسڈم برطانیہ کے سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے مزاحیہ اداکار تھے تاہم ان کی موت تنہائی کے عالم میں ہوئی ۔ وہ ایک بہت ہی چھوٹے سے نرسنگ ہوم میں زیر علاج تھے۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے بستر مرگ پر تھے اور ان کی جسمانی اور دماغی حالت ابتر ہوچکی تھی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آتی جارہی تھی۔

وسڈم نے ساٹھ سال تک اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ وہ 1990ء میں فلمی دنیا کو خیرباد کہہ گئے تھے تاہم ان کی شہرت میں کوئی کمی نہ آئی۔ انہوں نے مرچنٹ نیوی اور بعدازاں فوج میں بھی خدمات انجام دیں۔

1953ء میں ان کی پہلی فلم Rank, Trouble In Store ریلیز ہوئی جو نہایت کامیاب رہی۔ ان کا ایک گانا Dont Laugh At Meان کے کردار کی لازوال پہچان بنا۔ یہ گانہ کئی سال تک پسندیدگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آتا رہا۔

ان کی شہرت کا یہ عالم تھا کہ 1955ء سے 1966ء تک وہ جیمز بانڈ کے ہیرو سین کونری کو بھی پیچھے چھوڑ گئے اور باکس آفس پر ان گیارہ سالوں ان کی اجارہ داری رہی۔

اگرچہ انہوں نے 1990ء سے اداکاری کرنا بند کردیا تھا تاہم اس دوران ان کی چھوٹی موٹی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جاتی رہیں ۔ان کی آخری فلم 2007ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ برطانیہ کی ملکہ کی جانب سے بھی انہیں متعدد ایوارڈز دیئے گئے۔ انہیں سر کا خطاب بھی ملا۔

XS
SM
MD
LG