رسائی کے لنکس

سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت


اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے پیر کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں شمالی کوریا کی جانب سے گذشتہ ہفتے دور مار میزائل کی لانچنگ کی کوشش کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو شمالی کوریا کی طرف سے دور مار میزائل داغے جانے کا واقعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی خلاف ورزی ہے، جس میں پیانگ یانگ کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کے استعمال سے باز رہنے کے لیے کہا گیاتھا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تجربے کی ناکامی سے مشرقی ایشیا کے زیادہ تر علاقے میں سیکیورٹی کے شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں۔

شمالی کوریا نے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی سفارتی دباؤکے باوجود دو مار میزائل کاتجربہ یہ کہتے ہوئے کیا تھا کہ اس کا مقصد اپنےقومی راہنما اور ریاست کے بانی کم ال سنگ کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک موسمیاتی سیارہ زمین کے مدار میں پہنچانا ہے۔

لیکن شمالی کوریا کا راکٹ اپنے فائر کیے جانے کے فوراً بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیاتھا اور اس کا کچھ ملبہ بحیرہ زرد میں گرگیاتھا۔

مغربی ممالک نے اس تجربے پر یہ کہتے ہوئے نکتہ چینی کی تھی کہ یہ دراصل کئی حصوں پر مشتمل بیلسٹک میزائل کا تجربہ ہے جس پر بعد میں جوہری ہتھیار نصب کردیے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مذمتی بیان میں شمالی کوریا سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کے استعمال سے باز رہے اور وہ اپنے موجودہ جوہری پروگراموں اور جوہری ہتھیاروں کو مکمل طورپر ختم کردے۔

شمالی کوریا کی جانب سے اقوام متحدہ کے بیان پر فوری طورپر کسی ردعمل کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔

XS
SM
MD
LG