رسائی کے لنکس

شمالی کوریا ایک اور جوہری دھماکا کر سکتا ہے: رپورٹ


'ورکرز پارٹی' کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب میں کم جونگ اُن نے حالیہ جوہری تجربے اور پھر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو ملکی وقار کا مظاہرہ قرار دیا۔

ایک نگران امریکی گروپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا مستقبل قریب میں ایک اور جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر سکتا ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے زیر اہتمام شمالی کوریا کے معاملات پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ "38 نارتھ" نے جمعہ کو کہا کہ پانچ مئی کو اس ملک کے جوہری تجربے والے مقام کی سیٹیلائیٹ سے حاصل کردہ تصاویر میں گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔

ویب سائیٹ کے مطابق یہاں عموماً کسی طرح کی نقل و حرکت نہیں ہوتی اور یہ سرگرمیاں اسی صورت میں دکھائی دیتی ہیں جب "متوقع طور پر کسی تجربے کی تیاری کی جا رہی ہو۔"

شمالی کوریا نے جمعہ کو دہائیوں میں حکومتی جماعت 'ورکرز پارٹی' کا سب سے بڑا اجلاس منعقد کیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ ملک اس موقع پر بیلسٹک یا جوہری تجربہ کر سکتا ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کے آغاز پر ہی جنوری میں کیے گئے جوہری تجربے کو سراہا۔ اجلاس میں 3400 سے زائد مندوبین شریک تھے۔

توقع کی جا رہی تھی کہ کم اجلاس میں بڑے پیمانے پر اعلیٰ عہدوں پر تبدیلیوں کا اعلان کریں گے لیکن ان کی تقریر میں ایسا کچھ بھی سننے میں نہیں آیا۔ اس کی بجائے انھوں نے 2011ء میں اقتدار میں آنے کے بعد حاصل ہونے والی مختلف کامیابیوں کو تذکرہ کیا۔

انھوں نے حالیہ جوہری تجربے اور پھر طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کو ملکی وقار کا مظاہرہ قرار دیا۔

واشنگٹن نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیانگ یانگ پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے بیانات اور اقدام سے گریز کرے جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بنیں۔

XS
SM
MD
LG