رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا "ہائپرسونک" میزائل لانچ کے بعد فضا میں پھٹ گیا: جنوبی کوریا


26 جون 2024 کو سیول کے ایک ٹرین اسٹیشن پر ایک خاتون ٹیلی ویژن دیکھ رہی ہے جس پر شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی فائل فوٹیج کے ساتھ یہ خبر نشر ہورہی ہے۔
26 جون 2024 کو سیول کے ایک ٹرین اسٹیشن پر ایک خاتون ٹیلی ویژن دیکھ رہی ہے جس پر شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی فائل فوٹیج کے ساتھ یہ خبر نشر ہورہی ہے۔
  • شمالی کوریا نے ایک "ہائپرسونک" میزائل کا تجربہ بدھ کو کیا، لیکن وہ درمیان میں فضا میں پھٹ گیا۔
  • جاپان کی وزارت دفاع نے کہا کہ میزائل نے تقریباً 100 کلومیٹر کی بلندی اور 200 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج تک پرواز کی۔
  • جنوبی کوریا، امریکہ اور جاپان کے سینئر حکام نےمیزائیل لانچ کو اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
  • گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک سربراہی ملاقات میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہےکہ شمالی کوریا نے بدھ کے روز اپنے مشرقی ساحل سے ایک "ہائپرسونک" میزائل کا تجربہ کیا، لیکن وہ درمیان میں فضا میں ہی پھٹ گیا۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بتایا کہ میزائل کو دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب سے داغا گیا۔

جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ میزائل نے تقریباً 100 کلومیٹرکی بلندی اور 200 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج تک پرواز کی۔

جنوبی کوریا، امریکہ اور جاپان کے سینئر حکام نے فون پر تبادلہ خیال میں اس اقدام کی مذمت کی اور میزائیل لانچ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی، اور خطے اور اس سے بعید، امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک سربراہی ملاقات کی اور باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ سول، واشنگٹن اور ٹوکیو نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہوتے ہوئےفوجی تعاون پر تنقید کی ہے، جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے اس معاہدے کو "انتشار پسندانہ" قرار دیا۔

اسی اثنا میں جنوبی کوریا کی میرین کور نے کہا ہےکہ اس کے فوجیوں نے شمال کے ساتھ سمندری سرحد کے قریب فائرنگ کی مشقیں کی ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں سول نے ایک بین کوریائی فوجی معاہدہ ختم کر دیا تھا، اس کے بعد پہلی بار یہ ڈرلز کی گئی ہیں،ان مشقوں کا اعلان جون کے اوائل میں کیا گیا تھا۔

امریکہ کی انڈو پیسیفک کمانڈ نے بھی اس لانچنگ کی مذمت کی ہے اور پیانگ یانگ سے مزید غیر قانونی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انڈو پیسیفک کمانڈ نے ایک بیان میں کہا، "ہم نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ واقعہ امریکی اہلکاروں، علاقے یا ہمارے اتحادیوں کے لیے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے، ہم صورت حال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔"

شمالی کوریا نے آخری میزائل تجربہ 30 مئی کو کیا تھا۔

شمالی کوریا نے اس ہفتے جنوبی کوریا اور جاپان کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے لئے ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کی تعیناتی پر تنقید کی تھی۔ اور ایک زبردست، نئے دفاعی مظاہرے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

میزائل کا یہ تجربہ کوریائی جنگ کے آغاز کے 74 سال مکمل ہونے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے نے بدھ کو کہا کہ پیانگ یانگ میں جنگ کی سالگرہ کی یاد میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا، جسے اس نے "امریکی سامراج کے خلاف جدوجہد" کا دن قرار دیا اور امریکہ کو ایک بڑے دشمن سے تعبیر کیا۔

حال ہی میں شمالی کوریا نے کوڑا کرکٹ لے کر سینکڑوں غبارے جنوب کی طرف اڑائے ہیں، جس میں منگل کا دن بھی شامل ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق پیانگ یانگ نے بھاری ہتھیاروں سے لیس فوجیوں کو دونوں کوریاؤں کے درمیان سرحد کے ساتھ تعینات کیا ہے۔

یہ رپورٹ رائٹرز کی اطلاعات پر مبنی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG