رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: صحافیوں کا خلائی مرکز کا دورہ


شمالی کوریا کے حکام نے غیر ملکی ذرائع ابلا غ کے نمائندوں کو اس راکٹ کا معائنہ کرایا ہے جو رواں ہفتے ایک موسمیاتی سیارہ خلا میں لے جائے گا۔

مغربی ساحل کے ساتھ واقع صوبہ شمالی فیانگن کے 'ٹانگ چانگ ری' نامی خلائی مرکز کا دورہ کرنے والے غیر ملکی صحافیوں کے مطابق 'انہا – 3' راکٹ کے تمام تین حصے لانچ پیڈ پر پہنچا دیے گئے ہیں۔

صحافیوں کو خلائی مرکز کے کمانڈ سینٹر کا دورہ بھی کرایا گیا۔

پیانگ یانگ حکومت کا کہنا ہے کہ راکٹ 12 تا 16 اپریل کے دوران میں ایک موسمیاتی سیارہ خلا میں لے جائے گا۔ لیکن امریکہ اور جنوبی کوریا ان تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا راکٹ خلا میں بھیج کے دراصل اپنے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔

'تانگ چانگ ری' خلائی مرکز کے جنرل منیجر جانگ میانگ جن نے صحافیوں کو بتایا کہ 'بین الاقوامی خلائی معاہدے' کے تحت دنیا کے ہر ملک کو پرامن مقاصد کےلیے خلائی ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کا حق حاصل ہے۔

شمالی کوریا کے ان دعووں کے برعکس جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کم من سیوک نے پیر کو سیول میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ملک راکٹ خلا میں بھیجے جانے کے منصوبے کو جارحیت سمجھتا ہے۔

شمالی کوریا کو اپنا جوہری پروگرام ترک کرنے پہ آمادہ کرنے کے لیے امریکہ، چین، روس، جنوبی کوریا اور جاپان نے پیانگ یانگ سے مشترکہ طور پر مذاکرات کرتے رہے ہیں۔ لیکن 2009ء کےآخر میں مذاکرات کی ناکامی کے بعد شمالی کوریا نے اپنی تنصیبات پر تعینات بین الاقوامی معائنہ کاروں کو نکال دیا تھا اور اپنا دوسرا جوہری تجربہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG